راجکوٹ: آسٹریلیا نے بدھ کو سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری یک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بھارت کو 66 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں پر 352 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم 49.4 اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح بھارت نے تین میچوں کی یہ سیریز 2-1 سے جیت لی لیکن آسٹریلیا کو یہ میچ جیت کر خوشی ہو گی کیونکہ یہ ورلڈ کپ سے پہلے آخری بین الاقوامی ون ڈے میچ تھا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے چار ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی شاندارنصف سنچریوں کی بدولت بھارت کے خلاف سات وکٹ پر 352 رنز بنائے۔ سلامی بلے باز مچل مارش (96) اور ڈیوڈ وارنر (56) نے ٹیم کو طوفانی آغاز دیا اور پہلی وکٹ کے لیے 78 رنز جوڑے، حالانکہ مارش اپنے کیرئیر کی دوسری سنچری بنانے سے محروم رہے۔
کلدیپ یادو نے انہیں اپنا شکار بنایا جبکہ وارنر کی اننگز کو پرسدھ کرشنا نے وکٹ کے پیچھے کیچ کراکر ختم کیا۔ وارنر نے صرف 34 گیندوں کی اپنی اننگز میں چھ چوکے اور چار چھکے لگائے جبکہ دوسرے سرے پر مارش نے 13 چوکے اور تین چھکے لگائے۔
اس کے بعد محمد سراج نے اسٹیو اسمتھ (74) کو ایل بی ڈبلیو کرکے آسٹریلیا کے رن کی رفتار کو روکا جس کے بعد جسپریت بمراہ نے ایلکس کیری (11) ، گلین میکسویل (5) اور مارنس لیبوشگن (72) کی وکٹیں حاصل کرکے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو قابو میں کیا۔ کلدیپ نے کیمرون گرین (9) کو اپنا شکار بنایا۔
یہ بھی پڑھیں:
اس میچ کے لیے جسے ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، دونوں ٹیمیں کچھ تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتریں۔ بھارتی ٹیم پہلے دو میچ جیت کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہے۔ تیزگیندباز محمد شامی کی جگہ محمد سراج کو اور اسپنر روی چندرن اشون کی جگہ واشنگٹن سندرم کو ٹیم انڈیا شامل کیا گیا جب کہ کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔