دھرم شالہ:انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 364 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 227 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ کی فتح کی بنیاد اوپنر ڈیوڈ ملان نے رکھی جنہوں نے صرف 107 گیندوں پر 140 رنز بنائے۔ ملان کے علاوہ جو روٹ کے 68 گیندوں پر 82 رنز اور جونی بیرسٹو کی 52 رنز کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ بہت بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہا۔
بنگلہ دیش سات رنز فی اوور سے زیادہ کے رن ریٹ سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دباؤ میں اس وقت بکھر گیا جب اس کے چار اہم بلے باز صرف 49 رنز جوڑنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ٹپلے نے تنجید الحسن، نجم الحسن اور شکیب الحسن کی وکٹیں لے کر میچ کا رخ اپنی ٹیم کے حق میں کر دیا۔ اس دوران ایک سرے پر کھڑے لٹن داس (76) نے انگلینڈ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھانے کی پوری کوشش کی لیکن اسکور بورڈ پر صرف 121 رنز باقی رہ گئے تھے جب داس تیزی سے کرس ووکس کی گیند کا نشانہ بنے۔ گیند وکٹ کیپر کے دستانے میں جا لگی۔
بعد میں مشفق الرحیم (51) اور محمد توحید ہردوئے (39) نے انگلش گیند بازوں کا بہادری سے سامنا کیا لیکن میچ کا نتیجہ پہلے ہی انگلینڈ کے حق میں چلاگیا۔ مشفق الرحیم نے 64 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ جبکہ توحید نے 61 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل آج ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ کے اوپنرز جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے پہلی وکٹ کے لیے 115 رنز کی شراکت داری کی۔ انگلینڈ کو پہلا جھٹکا 18ویں اوور کی آخری گیند پر اوپنر بیرسٹو کی صورت میں لگا۔ وہ شکیب کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 59 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملان نے 32ویں اوور میں 91 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ 38ویں اوور کی دوسری گیند پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ ڈیوڈ ملان 140 کی صورت میں گری، وہ مہدی حسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
40ویں اوور کی چوتھی گیند پر بٹلر 10 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وہ شرف الاسلام کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ جو روٹ 42ویں اوور کی پانچویں گیند پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر اسی اوور کی چھٹی گیند پر لیام لیونگسٹن صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اسلام نے روٹ کو مشفق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی ساتویں وکٹ سیم کرن کی 15 گیندوں میں 11 رنز پر گری۔ مہدی نے کران کو شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ کرس ووکس 14 رنز بنا کر مہدی کی گیند پر تسکین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شانتو نے مہدی کی گیند پر عادل رشید کو 11 رنز پر پویلین کا راستہ دکھایا۔ مارک ووڈ چھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ریس ٹوپلے ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں:World Cup 2023 ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ویراٹ سے شاندار کارکردگی کی امید، تنڈولکر کا ریکارڈ داؤ پر
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے 71 رنز دے کر سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ شرف الاسلام نے 75 رنز دے کر تین بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ احمد اور حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔