افغانستان کے لیگ اسپینر راشد خان (24 رن پر چار وکٹ) کی بہترین گیند بازی کے دم پر گجرات ٹائٹنز نے منگل کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو 62 رنز سے شکست دیتے ہوئے آئی پی ایل 2022 کے پلے آف میں جگہ بنا لی ہے۔ گجرات نے چار وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے اور لکھنؤ کو 13.5 اوور میں صرف 82 رنز پر ڈھیر کردیا۔ یہ 12 میچوں میں گجرات کی نویں جیت ہے اور وہ 18 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ Gujarat Titans in IPL 2022 playoffs
لکھنؤ کو 12 میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ 16 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات کی اننگز میں اوپنر شبمن گل نے سات چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے تاہم اس اسکور کے لیے انہوں نے 49 گیندیں کھیلیں۔ اس کے علاوہ ریدھیمان ساہا نے 11 گیندوں میں پانچ رن، میتھیو ویڈ نے سات گیندوں میں 10 اور کپتان ہاردک پانڈیا نے 13 گیندوں میں 11 رن بنائے۔ Gujarat Titans vs Lucknow Super Giants
آخر میں ڈیوڈ ملر کے 26 اور راہل تیوتیا کے 22 نے گجرات کو لکھنؤ کو 145 رنز کا ہدف دینے میں مدد کی۔ لکھنؤ کی سخت گیند بازی کی بدولت گجرات اپنی اننگز میں صرف ایک چھکا ہی لگا سکی۔ سپر جائنٹس کے فاسٹ بولر اویش خان نے اپنے چار اوورز میں 26 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محسن خان نے اپنے چار اوورز میں ایک وکٹ کے عوض 18 رنز دیے۔ کرونل پانڈیا نے چار اوورز کے اپنے کوٹے میں 24 رنز دیے۔ لکھنؤ کی اکنامک بولنگ میں مہنگے ثابت ہونے والے جیسن ہولڈر نے 41 رن پر ایک وکٹ حاصل کی۔
- یہ بھی پڑھیں: IPL 2022: کولکاتہ نے ممبئی کو شکست دی
گجرات نے 144 رنز کا دفاع کیا اور پلے آف کے لیے باضابطہ طور پر کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ میچ میں ان کے گیند بازوں نے جس انداز میں گیند بازی کی اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ گجرات کے تیز گیند بازوں نے پہلے پاور پلے میں تیز گیند بازی کرتے ہوئے وکٹیں حاصل کیں اور پھر راشد اور سائی کشور نے باقی کا کام کیا۔ راشد نے دیپک ہڈا، کرونل پانڈیا، جیسن ہولڈر اور اویش خان کی وکٹیں لیں۔ سائی کشور نے آیوش بدونی اور محسن خان کو آؤٹ کیا۔ محمد شامی نے لکھنؤ کے کپتان لوکیش راہل کا وکٹ لیا۔ دیپک ہوڈا نے 26 گیندوں پر 27 رنز بنائے جب کہ کوئنٹن ڈی کاک نے 11 اور اویش خان نے دو چھکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے۔ مارکس اسٹونیس دو رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ گجرات کی جانب سے راشد نے چار، یش دیال اور سائی کشور نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شبھمن گل کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یو این آئی