نئی دہلی: افغانستان نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 13ویں میچ میں اتوار کو پہلے بلے بازی اور پھر شاندار گیند بازی کرتے ہوئے عالمی چمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دے کر اس چیمپئن شپ میں پہلا بڑا الٹ پھیر کیا ہے۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں افغانستان کی سب سے بڑی فتح ہے۔ افغانستان نے ون ڈے ورلڈ کپ میں اب تک مجموعی طور پر 18 میچز کھیلے ہیں جس میں سے صرف دو میچ میں انھیں کامیابی ملی ہے۔ افغانستان کی انگلینڈ کے خلاف یہ فتح ورلڈ کپ میں اس کی دوسری فتح ہے۔ اس سے قبل افغانستان کی ورلڈ کپ میں واحد جیت 2015 کے ورلڈ کپ میں ملی تھی جہاں اس نے اسکاٹ لینڈ جیسی کمزور ٹیم کو شکست دی تھی۔
دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں آج 285 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی شروعات بہت خراب رہی اور دوسرے ہی اوور میں جونی بیرسٹو کو فضل الحق فاروقی نے دو رنز پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔ اس کے بعد ساتویں اوور میں جو روٹ 11 رنز بنا کر مجیب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان نے پہلے 10 اوورز میں دو وکٹیں لینے کے بعد انگلینڈ پر دباؤ برقرار رکھا۔
افغان باؤلر نبی نے ڈیوڈ ملان کو 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ کیا، جوس بٹلر 9 رنز بنانے کے بعد لیام لیونگسٹن 10 رنز بنانے کے بعد اور سیم کیورن بھی 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک 66 نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو کھیل میں برقرار رکھا۔ تاہم 35ویں اوور میں وہ آٹھویں وکٹ کے طور پر مجیب کی گیند پر علی خیل کے ہاتھوں کیچ ہو کر ان کی اننگز کا خاتمہ کر گئے۔
کرس ووکس نو رنز بنا کر مجیب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ عادل رشید 20 رنز بنا کر راشد کی گیند پر نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ راشد نے 41 اوورز کی تیسری گیند پر مارک ووڈ کو 18 رنز دے کر انگلینڈ کی اننگز کا خاتمہ کیا، رائس ٹوپلے 15 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 37 رنز کے عوض تین اور مجیب الرحمان نے 51 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ محمد نبی نے چھ اوورز میں 16 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ فضل الحق فاروقی اور نوین الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں 5ویں مرتبہ اپ سیٹ کا شکار ہوئی ہے۔ اس سے قبل 1992 میں ٹیم کو زمبابوے کے ہاتھوں نو رنز سے شکست ہوئی تھی۔ 2011 میں آئرلینڈ نے تین وکٹوں سے اور بنگلہ دیش نے دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 2015 میں بھی بنگلہ دیش نے ٹیم کو 15 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا۔
اس سے قبل ازیں انگلینڈ نے آج یہاں ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اوپننگ بلے باز گرباز اور ابراہیم زدران کی جوڑی نے افغانستان کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ گرباز ایک سرے سے جارحانہ انداز سے کھیل رہے تھے اور دوسری جانب ابراہیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی۔ اس جوڑی نے پہلے 10 اوورز میں 79 رنز بنائے۔ افغانستان کو پہلا دھچکا 17ویں اوور میں 114 رنز کے اسکور پر لگا۔اس وقت صبر سے بیٹنگ کرنے والے ابراہیم 48 گیندوں میں 28 رنز بنا کر راشد کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
گرباز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 57 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔ وہ بٹل کی گیند پر ڈی جے ولی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ اس اننگز کے دوران گرباز نے ایشیا میں ون ڈے میچوں میں اپنے 1000 رنز بھی مکمل کر لیے۔
یہ بھی پڑھیں:
اس کے بعد افغانستان کا مڈل آرڈر بگڑ گیا۔ 19ویں اوور میں رحمت شاہ تین رنز بنا کر راشد بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ کے طور پر حشمت اللہ شاہدی 14 رنز بنا کر جو روٹ کا شکار بنے۔ عظمت اللہ عمرزئی کو ووکس کے ہاتھوں کیچ کر کے 19 رنز پر لیونگسٹن نے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے اکرام علی خیل نے 58 رنز بنا کر افغانستان کی اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ وہ ٹوپلے کی گیند پر کرن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
مشکل وقت میں اکرام اور راشد خان نے 43 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور ٹیم کو اچھے اسکور کی طرف لے گئے۔ راشد نے 22 گیندوں میں 23 رنز بنائے۔ لوئر آرڈر میں مجیب الرحمان نے 16 گیندوں پر 28 رنز کی اہم شراکت کی۔ وہ ووڈ کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 42 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ مارک ووڈ نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ رائس ٹوپلے، لیام لیونگسٹن اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ (یو این آئی)