مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے تھے لیکن انگلینڈ ٹیم 251 پر ہی آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلش ٹیم کی شروعات بہت شاندار رہی اور اس کے سلامی بلے باز جیسن رائے اور جانی بیئرسٹو نے پہلے وکٹ کے لیے 135 رنوں کی پارٹنرشپ کی لیکن اس دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد دیگر کوئی بھی بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہیں ٹک سکا۔
سلامی بلے باز بیئرسٹو اور جیسبن رائے نے انتہائی تیز رفتاری سے رنز بٹورے اور محض 14.2 اوورز میں 135 رنز بنا کر ٹیم کو بہترین شروعات دلائی لیکن دیگر بلے بازوں کا ساتھ نہ ملنے کی وجہ سے ٹیم کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
جانی بیئرسٹو نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور میدان کے چاروں جانب شاٹس لگائے لیکن بدقسمتی سے وہ اپنی سنچری کے محروم رہ گئے اور 94 رنز کے ذاتی اسکور پر شاردُل ٹھاکُر کی گیند پر کُلدیپ یادو کو کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے علاوہ جیسن رائے نے 35 گیندوں میں 46 رنز، معین علی نے 37 گیندوں میں 30 رنز اور کپتان ایون مورگن نے 22 رنوں کی اننگ کھیلی۔
بھارت کی جانب سے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے تیز گیند باز پرسِدھ کرشنا سب سے کامیاب گیند باز رہے اور 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاردُل ٹھاکر نے تین، بھونیشور کمار نے دو اور کرونال پانڈیا نے ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے شکھر دھون، وراٹ کوہلی، کرونال پانڈیا اور کے ایل راہل کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کا بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شکھر دھون کی اننگ کا آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 64 رنوں کی پارٹنرشپ کی تھی۔
تیزی سے رن بنانے کے چکر میں روہت شرما بین اسٹوکس کا شکار بنے۔ انہوں نے 42 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ اس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی کریز پر آئے اور دھون سے ساتھ مل کر 105 رنوں کی پارٹنرشپ کی تھی۔
وراٹ کوہلی نے 60 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے جبکہ دھون بدقسمتی سے سنچری مکمل نہیں کر سکے اور 98 رن پر انگلش کپتان ایون موگن کو کیچ تھما بیٹھے۔ دھون نے 106 گیندوں میں 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔
اس کے بعد شریس ایر اور ہاردک پانڈیا جلدی جلدی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے بالترتیب 6 اور ایک رنز بنائے لیکن مڈل آرڈر میں کے ایل راہل اور کرونال پانڈیا نے اسکور آگے بڑھایا۔ ان دونوں بلے بازوں کے مابین 112 رنوں کی بہترین پارٹنرشپ ہوئی تھی۔
کے ایل راہل نے 43 گیندوں میں 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 62 رنز بنائے جبکہ کرونال پانڈیا نے محض 31 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنوں کی جارحانہ اننگ کھیلی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس سب سے کامیاب گیندباز رہے اور 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مارک ووڈ کے حصے میں دو وکٹیں آئی تھی۔