کپتان اور سلامی بلے باز ڈین ایلگر (77) اور کوئنٹن ڈی کاک (ناٹ آوٹ 59) کی شاندار نصف سنچریوں نے جنوبی افریقہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کو تین وکٹ پر 37 رن کی نازک حالت سے نکال کر اسٹمپس تک پانچ وکٹ پر 218رن کی اچھی حالت میں پہنچا دیا۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کا یہ فیصلہ اس و قت تک صحیح نظر آرہا تھا جب تک اس نے جنوبی افریقہ کے تین وکٹ محض 37رن پر گرا دیئے تھے۔ اس میچ کے لیے ٹیم میں واپسی کرنے والے شینن گیبریال نے اوپنر ایڈن مارکرم کو دوسرے اوور میں صفر پر نپٹا دیا۔ جیڈن سیلس نے پیٹرسن کو ٹیم کے 26رن کے اسکور پر آوٹ کردیا۔ پیٹرسن 25 گیندوں میں سات رن ہی بنا سکے۔ ریسی وان ڈیر ڈوسین 25 گیندوں میں محض چار رن بناکر کیمار روچ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد ایلگر نے کائل ویرن (27) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 87رن بناجوڑ کر ٹیم کو شروعاتی بحران سے نکالا۔ گیبریال نے ویرن کو آوٹ کرکے یہ شراکت توڑی۔ ویرن نے 89گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 27رن بنائے۔
ایلگر نے پھر ڈی کاک کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 79رن جوڑکر جنوبی افریقہ کو 200کے پار پہنچا دیا۔ کائل مایرس نے ایلگر کو بولڈ کرکے سلامی بلے باز کو آوٹ کیا۔ایلگر نے 237گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 77رن بنائے۔ اسٹمپس کے وقت ڈی کاک 103گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 59رن اور ویان مولڈر دو رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔
یو این آئی