ویلنگٹن: انڈین کپتان ہاردک پانڈیا نے بدھ کے روز انگلینڈ کے سابق کرکٹر مائیکل وان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 آئی سیریز کے لیے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو "کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے"۔ Hardik Pandya ahead of 1st T20I vs NZ
واضح رہے کہ وان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے اختتام کے بعد اخبار ڈیلی ٹیلی گراف میں لکھا تھا کہ بھارت نے "محدود اوورز کی کرکٹ میں ہمیشہ توقع سے کم کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے"۔
پانڈیا نے ٹی 20 سیریز سے قبل منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ "جب آپ اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے ہیں تو لوگ اپنی رائے دیں گے جس کا ہم احترام کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ لوگ مختلف خیالات رکھتے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے کی وجہ سے مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں کسی پر کچھ ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔ پانڈیا نے کہاکہ "یہ ایک کھیل ہے۔ آپ بہتر بننے کی کوشش کرتے ہیں اور جب نتائج حاصل کرنے کا وقت آتا ہے تو وہ نتائج حاصل کرتے ہیں۔ کچھ چیزیں ہیں جن پر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ آگے بڑھتے ہوئے، ہم اپنی غلطیوں کو سدھاریں گے اور ان پر کام کریں گے۔"
بھارت کو پانڈیا کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، جس کے بعد شیکھر دھون تین ون ڈے میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ روہت شرما، کے ایل راہل اور وراٹ کوہلی جیسے سینئر کھلاڑیوں کو بھارت کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ پانڈیا کو یقین ہے کہ سینئرز کی غیر موجودگی میں نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
پانڈیا نے کہاکہ ’’کئی اہم کھلاڑی یہاں نہیں ہیں، لیکن جو کھلاڑی یہاں ہیں وہ بھی گذشتہ کچھ برسوں سے بھارت کے لیے کھیل رہے ہیں۔ انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا کا مظاہرہ کرنے کے لیے کافی وقت ملا ہے۔ میں ان کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ یہ ایک نئی ٹیم ہے اور نئے کھلاڑیوں میں نئی توانائی ہے۔ اسے کھیلتے دیکھنا دلچسپ ہوگا۔"
نیوزی لینڈ آنے سے پہلے بھارتی ٹیم آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں حصہ لے رہی تھی جہاں وہ صرف سیمی فائنل تک ہی پہنچ سکی تھی۔ بھارت کو سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شکست کے بارے میں بات کرتے ہوئے پانڈیا نے کہا کہ اگرچہ وہ اس نتیجے سے مایوس ہیں، لیکن انہیں آگے بڑھنا ہوگا اور آنے والے ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
پانڈیا نے کہاکہ ’’ہم مایوس ہیں لیکن ہم پیشہ ور کھلاڑی ہیں اور ہمیں اسے برداشت کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنی ناکامیوں کو اسی طرح برداشت کرنا ہوگا جس طرح ہم اپنی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں اور ہمیں آگے بڑھنا ہے اور اپنی غلطیوں کو درست کرنا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا آغاز 18 نومبر سے ہوگا اور تیسرا میچ 22 نومبر کو نیپئر میں کھیلا جائے گا، جب کہ پہلا ون ڈے 25 نومبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس دورے کا اختتام 30 نومبر کو کرائسٹ چرچ میں تیسرے ون ڈے کے ساتھ ہوگا۔
مزید پڑھیں:
یو این آئی