حیدرآباد: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ڈیتھ اوورز میں ناقص گیند بازی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ تیز گیند بازوں کو وقت دینے کی ضرورت ہے۔ ایشیا کپ 2022 میں خراب کارکردگی کے بعد آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں بھی بھارتی گیند باز ڈیتھ اووروں میں توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، لیکن کپتان روہت نے اتوار کو میچ کے بعد ہرشل پٹیل اور بھونیشور کمار سے متعلق سوالات کے جواب میں دونوں گیند بازوں کا دفاع کیا۔ Rohit Sharma Defend Bowler Over Death Bowling
روہت نے اتوار کو میچ کے بعد ہرشل کے بارے میں کہاکہ "انجری سے واپس آنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے۔ وہ دو ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔ جب بھی گیند باز چوٹ سے واپسی کرتے ہیں تویہ آسان نہیں ہوتا۔ ہم ان تینوں میچوں میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر اپنی رائے قائم نہیں کررہے ہیں، کیونکہ ہم ان کے معیار کے بارے میں جانتے ہیں'۔
ان کا کہناتھا کہ انہوں نے ماضی میں ہمارے لیے اور ہماری فرنچائزی کے لیے کئی مشکل اوور ڈالے ہیں۔ ہمیں اس کے معیار پر بھروسہ ہے۔ ان پر بھروسہ کرنا ضروری ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ بھی ان غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کر رے ہیں۔ وہ اپنی گیندبازی پرسخت محنت کر رہے ہیں۔"
ہرشل نے اس یادگار سیریز کے پہلے میچ میں بغیر کوئی وکٹ لیے چار اوورز میں 49 رنز دیے، جب کہ بارش سے متاثرہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں دو اوورز میں 32 رنز دیے۔ تیسرے میچ میں انہوں نے صرف دو اوور پھینکے اور 18 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
روہت نے کہاکہ "جب بھی ہم نیٹس میں پریکٹس کرتے ہیں، وہ ہمیشہ اپنی صلاحیتوں پر کام کر رہے ہوتے ہیں۔ آپ چاہتے ہیں کہ کھلاڑی میدان میں جائیں اور بہتری کرتے رہیں۔ ہم اس کے بارے میں ہمیشہ بات کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی بہترین فارم سے زیادہ دور نہیں ہیں۔"
چوٹ سے واپس آنے والے ہرشل کے علاوہ ڈیتھ اوورز میں بھونیشور کمار کی گیند بازی بھی بھارت کے لیے تشویش کا باعث رہی ہے۔ بھونیشور نے گزشتہ تین ہفتوں میں تین بار 19واں اوور پھینکا ہے، جس میں انہوں نے بالترتیب 19، 14 اور 16 رنز دیے ہیں۔
اتوار کے روز حیدرآباد میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میں بھونیشور کو 18واں اوور ڈالنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، جس میں آسٹریلیا نے 21 رنز جوڑے۔ روہت کو لگتا ہے کہ بھونیشور طویل عرصے سے بھارت کے لیے اچھا کر رہے ہیں اس لیے انہیں وقت دینا ضروری ہے۔
روہت نے کہاکہ "یہ ضروری ہے کہ ہم انہیں وقت دیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ان کے اچھے دن ان کے برے دنوں سے زیادہ رہے ہیں۔ یہ ہم نے پچھلے کچھ برسوں میں دیکھا ہے۔ ان کی حالیہ کارکردگی وہ نہیں ہے جو وہ چاہتے تھے، لیکن یہ کسی بھی گیند باز کے ساتھ ہو سکتا ہے۔"
روہت نے کہاکہ ٹیم انتظامیہ بھونیشور سے ڈیتھ اوورز میں گیند بازی کرنے کے بارے میں بات کر رہی تھی اور وہ پوری طرح سے پر امید ہیں کہ بھووی اپنی گیند بازی میں بہتری لائیں گے۔ روہت نے ہرشل کی طرح ہی بھونیشور کی حمایت میں کہا کہ انتظامیہ ان کی صلاحیت پر یقین رکھتی ہے۔'
روہت نے کہاکہ "ہماری طرف سے، ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہم اور کیا کر سکتے ہیں۔ جب آپ ڈیتھ اوور میں گیند بازی کر رہے ہوتے ہیں تو آپ بلے باز کو اندازہ نہیں لگنے دے سکتے ہیں، آپ کے پاس میدان کے دونوں اطراف گیندبازی کرنے کا متبادل ہونا چاہیے۔ یہ وہ چیزیں ہیں جن کے بارے میں ہم ان سے بات کر رہے ہیں۔ ان جیسے تجربہ کار کے لیے یہ سب چیزیں سمجھنا آسان ہوگا۔"
انہوں نے کہاکہ ’’وہ ایسا کرچکے ہیں، یہ ان کے دماغ میں ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ اپنی پرانی گیندبازی کو مکمل طورپرفراموش کرچکے ہیں، انہیں صرف اعتماد کے ساتھ سب باہر لانے کی ضرورت ہے'۔
اگلے مہینے ٹی20 عالمی کپ کے لیے آسٹریلیا کا سفر کرنے سے پہلے، بھارت کو جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنی ہے جوبدھ (28 ستمبر) سے شروع ہورہی ہے۔ بھونیشور اس دوران کنڈیشنگ سے متعلق کام کے لیے بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی جوائن کریں گے، لیکن ہرشل اس سیریز کو فارم میں واپس آنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:
یو این آئی