بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے سلامی بلے باز سنیل گواسکر کے بین الاقوامی کرکٹ میں پچاس برس مکمل ہونے پر انہیں اعزاز سے نوازا۔ بھارت اور انگلینڈ کے مابین چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہفتہ کے روز نریندر مودی اسٹیڈیم میں بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے انہیں ایک مومنٹو دیکر بین الاقوامی کرکٹ میں پچاس برس مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔
اس دوران میدان پر موجود شائقین نے بھی گواسکر کے آج کے دن کو یاد گار بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
بھارت کے عظیم بلے باز سنیل گواسکر کے لئے آج کا دن بہت خاص ہے کیونکہ انہوں نے پچاس سال پہلے آج ہی کے دن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی شروعات کی تھی۔ اس سیریز میں انہوں نے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 774رن بنائے تھے۔
اس موقع پر گاوسکر کو اپنا رول ماڈل ماننے والے سچن تندولکر نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ پچاس بر س پہلے آج ہی کے دن کرکٹ کی دنیا میں ایک طوفان آیا تھا۔ سنیل گاوسکر نے اپنے کیریر کی پہلی ہی سیریز میں 774رن بنا ڈالے اور اسی وقت ہندستانی کرکٹ کو ہیرو مل گیا۔ میں بچپن سے یہ جانتا تھا کہ مجھے کس کے جیسا بننا ہے۔ آج بھی کچھ نہیں بدلا ہے۔ وہ آج بھی میرے ہیرو ہیں۔ بین الاقوا می کرکٹ میں پچاس برس مکمل ہونے پر مبارکباد۔