انٹرنیشنل یوگا ڈے کے موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق سلامی بلے باز وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ، وی وی ایس لکشمن، محمدکیف اور ٹیل ٹینس کی کھلاڑی مونیکا بترا سمیت کئی معروف کھلاڑیوں نے یوگا کیا۔
ان کھلاڑیوں نے یوگا کرتے ہوئے اپنے ویڈیوز اور فوٹوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کئے۔
جارحانہ بلے باز وریندر سہواگ نے یوگا کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا 'تھوڑا وقت بھلے لگے گا لیکن یوگا سے ہی ہوگا جبکہ ہربھجن سنگھ نے بھی اپنی بیوی گیتا بسرا اور بیٹی کے ساتھ یوگا کرتے ہوئے تصویر شیئر کی۔
سابق کرکٹر محمد کیف نے بھی یوگا کرتے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی اور کہا کہ 'خود کا خیال رکھنے سے مجھے محبت ہے جبکہ شریس ایر نے پیٹ ڈاگ کے ساتھ یوگا کرتے ہوئے دو تصاویر شیئر کیں اور کیپشن لکھا کہ اپنے 'پارٹنر ان کرائم' کے ساتھ یوگ اور میوزک ڈے سیلیبریٹ کرتے ہوئے۔
اس کے علاوہ سابق کھلاڑی وی وی ایس لکشمن نے بھی یوگا کرتے ہوئے کہا کہ 'کچھ بھی آپ محنت اور لگن کے ساتھ کرتے ہیں تو آپ کو محسوس ہوگا کہ آپ یوگا کررہے ہیں جبکہ ٹیبل ٹینس کھلاڑی مونیکا بترا نے بھی کہا کہ یوگا کرنے سے من، جسم اور آتما کا توازن برقرار رہتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے یوگا کے بین الاقوامی دن پر کہا کہ 'یوگا کا بین الاقوامی دن یکجہتی کا دن ہے۔ یہ عالمی بھائی چارے کا دن ہے۔ کووڈ 19 کی وجہ سے عالمی طبی ایمرجنسی کی وجہ سے اِس سال یوگا کا بین الاقوامی دن الیکٹرانک اور میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعے منایا جا رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ 'یوگا جسم کی قوتِ مدافعت کو بڑھاتا ہے۔ اپنی روز مرہ کی زندگی میں پرانایام کو شامل کرنا چاہیے۔ پرانایام یوگا یا سانس لینے کی مشق ہمارے تنفس کے نظام کو مضبوط کرتا ہے۔ موجودہ وقت میں اِس کی زیادہ مطابقت ہے کیونکہ جسم کا سانس لینے کا نظام ہی کووڈ 19 وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔