روہت شرما نے بنگلہ دیش کے خلاف اتوار کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے ٹی - 20 مقابلے سے پہلے کہا کہ 'ٹیم میں کئی متبادل موجود ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہمیں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دینا چاہیے تاکہ ہمیں ان کے کھیل کے بارے میں پتہ چل سکے۔ ہم انہیں زیادہ سے زیادہ موقع دیں گے تاکہ ان کے اندر تحفظ کا احساس قائم رہے۔'
کپتان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں میں اعتماد پیدا کرنے کے لئے انہیں مواقع ملنے چاہئیں۔ہمارا ٹاپ آرڈر کافی مضبوط ہے جبکہ 4، 5، 6 اور 7 نمبر پر ہمیں استحکام کی ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ کچھ وقت میں ان نمبر پر کافی تبدیلی کی گئی ہیں۔
انہوں نے ممبئی کے دھماکہ خیز بلے باز شوم دوبے کو موقع دینے کا اشارہ دیتے ہوئے کہاکہ شوم ایسے کھلاڑی ہیں، جنہیں پہلی بار بھارتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ویسے ٹیم کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔کوئی بھی کسی بھی وقت آکر کھیل سکتا ہے۔
ممبئی کے 26 سال کے آل راؤنڈر شوم کو زخمی ہردک پانڈیا کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے شوم بڑے چھکے لگاسکتے ہیں۔گزشتہ سال رنجی ٹرافی کے میچ میں بڑودہ کے خلاف شوم نے بائیں ہاتھ کے اسپنر سوپنل سنگھ کے ایک اوور میں پانچ چھکے لگائے تھے۔
شوم جس طرح چھکے لگاتے ہیں ان میں یوراج سنگھ کی جھلک دیکھنے کو ملتی ہے۔شوم نے وجے ہزارے ٹرافی میں کرناٹک کے خلاف 118 رنز کی بااثر اننگز کھیلی تھی۔انہوں نے اس کے لئے 67 گیندوں میں 7 چوکے اور 10 چھکے لگائے تھے۔
خراب فارم سے گزر رہے اور ٹیسٹ ٹیم میں اپنا مقام گنوا چکے رشبھ پنت کی حمایت کرتے ہوئے روہت نے کہاکہ ٹیم مینجمنٹ پنت کو کافی موقع دے گی۔
بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی ٹی -20 سیریز کے لئے ہندستانی ٹیم میں پنت کے علاوہ سنجو سیمسن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ آخری الیون میں کسے موقع مل سکتا ہے۔
روہت نے کہا کہ پنت زیادہ تجربہ کار ہیں اور انہیں اور موقع دینے کی ضرورت ہے۔روہت نے کہاکہ دونوں وکٹ کیپر ہماری ٹیم میں ہیں انتہائی باصلاحیت ہیں۔ہم پنت کے ساتھ بنے ہوئے ہیں، کیونکہ یہی وہ فارمیٹ ہے جس نے ان کو الگ پہچان دی ہے۔ہمیں ابھی کچھ اور وقت تک ان کے ساتھ بنے رہنا چاہئے۔
ہمیں انہیں تھوڑے اور موقع دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ابھی بمشکل 10-15 ٹی -20 میچ ہی کھیلے ہیں۔تو مجھے لگتا ہے کہ اتنی جلدی انہیں پرکھنا تھوڑی جلد بازی ہو گی۔