انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہر بڑے ایونٹ میں اربوں روپے کا جوا کھیلا جاتا ہے اور سٹہ باز اپنی رقم محفوظ رکھنے کے لیے کھلاڑیوں کو بھی آلہ کار بنانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں البتہ اب اس حوالے سے کافی سختی برتی جا رہی ہے۔
گزشتہ دنوں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا تھا کہ عالمی کپ میں شریک کسی کھلاڑی کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں ہو رہی ہے اور میگا ایونٹ سٹے بازوں سے مکمل محفوظ ثابت ہوگا۔
اس حوالے سے کھلاڑیوں کو سٹہ باوں سے محفوظ رکھنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔
فصیلات کے مطابق مقامی ہوٹل میں کونسل کے دو آفیسرز نے پاکستان کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بریفنگ دی۔
ایک خاتون اور ایک مرد آفیشل نے سب سے پہلے 7 منٹ کی ایک ویڈیو دکھائی جس میں کھلاڑیوں کو بتایا گیا کہ مذموم مقاصد کیلئے کھیل کی ساکھ خراب کرنے والے لوگ عالمی کپ کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کریں گے، لہٰذا ان سے محفوظ رہنے کی کوشش کریں۔
سٹے باز پرستار بن کر بھی مل سکتے ہیں، اگر کوئی بھی شخص مشکوک لگے تو فوراً اپنے ساتھ موجود آئی سی سی کے آفیشل کو آگاہ کریں اور سوشل میڈیا پر بھی اجنبی افراد سے بات کرتے ہوئے محتاط رہیں۔
اس دوران تمام کھلاڑیوں کو سٹہ بازوں طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
زمبابوے کےسابق کرکٹر گریم کریمر کی ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں وہ بتاتے ہیں کہ کس طرح سینئر بورڈ آفیشل راجن نائر نے 2017 کے ویسٹ انڈیز ٹور میں ٹیسٹ سیریز فکس کرنے کے لیے ان کو 30 ہزار ڈالرز کی پیشکش کی تھی۔
کریمر نے ٹیم منیجر ہیتھ اسٹریک کو اس معاملے کے بارے میں بتایا تھا اور انہوں نے یہ بات آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے علم میں لائی تھی، بعد میں تحقیقات ہوئی تھی جس میں راجن نے اپنا جرم قبول کر لیا اور ان پر 20 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
پاکستانی کرکٹرز سے کہا گیا کہ اگر ان کے ساتھ بھی کبھی ایسا ہو تو فوراً آئی سی سی افسران کو اس بات کی اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے بھی ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ ہوٹل یا قیام گاہ سے باہر نکلنے سے قبل منیجر اور سکیورٹی منیجر کو آگاہ کریں، گروہ کی شکل میں جانے کو ترجیح دی جائے۔
پاکستانی ٹیم کی حالیہ غیر معیاری کارکردگی کے بعد کھلاڑی خود بھی احتیاط برت رہے ہیں۔
دوسرا وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم پیر کی شام کارڈف سے بذریعہ بس ناٹنگھم پہنچ گئی ہے اور کھلاڑی منگل کو پریکٹس سیشن میں اپنی خامیاں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستانی کپتان سرفراز احمد بدھ کو دیگر کپتانوں کے ساتھ ملکہ برطانیہ سے ملاقات کیلئے جائیں گے۔
عالمی کپ میں گرین شرٹس کا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا اور 3 جون کو میزبان انگلینڈ سے مقابلے کی میزبانی بھی ناٹنگھم ہی کرے گا۔