مہی پال لومرور (118) کی شاندار سنچری اور رتوراج سنگھ (58) اور سلمان خان (ناٹ آؤٹ 56) کی نصف سنچریوں کی بدولت راجستھان نے دہلی کے خلاف رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ اے اور بی مقابلے کے چوتھے اور آخری دن ہفتہ کو چھ وکٹ پر 345 رن بنا کر میچ ڈرا کرا لیا۔
یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دہلی کو پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر تین پوائنٹس حاصل ہوئے جبکہ راجستھان کے حصے میں ایک پوائنٹس آیا۔ دہلی نے آٹھ میچوں میں یہ پانچویں بارڈرا کیا اور اس نے 21 پوائنٹس کے ساتھ اس سیزن میں اپنی مہم ختم کی۔
دہلی ٹیبل میں آٹھویں نمبر پر رہی۔ راجستھان کا آٹھ میچوں میں یہ دوسرا ڈرا رہا اور وہ 17 پوائنٹس کے ساتھ 12 ویں نمبر پر رہا۔
دہلی نے اپنی پہلی اننگز میں 623 رنز بنائے تھے جبکہ راجستھان کی ٹیم پہلی اننگز میں 299 رن پر سمٹ گئی تھی اور اسے فالو آن کھیلنے کے لئے مجبور ہونا پڑا تھا۔
راجستھان نے دوسری اننگز میں صبح دو وکٹ پر 128 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اس کواننگز کی شکست سے بچنے کے لئے 196 رن بنانے تھے۔راجستھان کی جانب سے لومرور نے 64 اور رتوراج نے 11 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔
دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے تیسرے وکٹ کے لئے 159 رن کی بڑی شراکت کر کے ٹیم کو مصیبت سے باہر نکالا۔ لومرور نے 219 گیندوں میں 14 چوکوں اور دو چھکے کی مدد سے 118 رنز اور رتوراج نے 104 گیندوں میں 58 رن کی اننگز میں نو چوکے لگائے۔
لومرور اور رتوراج کے پویلین لوٹنے کے بعد سلمان نے راجستھان کی اننگز کو سنبھالا اور 88 گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکوں کے سہارے ناٹ آؤٹ 56 رنز بنائے۔
کپتان اشوک مناریا نے 47 گیندوں میں پانچ چوکوں کے سہارے ناٹ آؤٹ 29 رنز بنائے۔ راجیش بشنوئی 13 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔دہلی کی جانب سے آف اسپنر شوم شرما نے 36 اوور میں 117 رن دے کر تین وکٹ لئے۔
پہلی اننگز میں چار وکٹ لینے والے سمرجيت سنگھ کو 75 رن پر ایک وکٹ، نتیش رانا کو 21 رن پر ایک وکٹ اور شواك وششٹھ کو 77 رن پر ایک وکٹ ملا۔