پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیزن 2019/20 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ جاری کردیے، پی سی بی نے 19 کھلاڑیوں کو نیا سینٹرل کنٹریکٹ جاری کیا ہے، جس میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
شعیب ملک اب بھی ٹی 20 کھیلنا چاہتے ہیں، کپتان سرفراز احمد، بابراعظم اور یاسر شاہ کو اے کٹیگری میں رکھا گیا ہے، جبکہ اظہر علی کو اے سے بی کٹیگری اور ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے والے محمد عامر کی سی کیٹیگری میں تنزلی ہوگئی ہے۔
نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2019 سے 30 جون 2020 تک نافذ العمل ہوگا، گزشتہ 12 ماہ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، کارکردگی اور آئندہ سیزن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیا سینٹرل کنٹریکٹ جاری کیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ دو سابق کپتانوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سینٹرل کنٹریکٹ جاری نہیں کیا گیا، تاہم دونوں کھلاڑی پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، پی سی بی نے آئندہ سیزن کے لیے بلند اہداف رکھے ہیں، ہم نے سینٹرل کنٹریکٹ کے حصول کے لیے معیار بلند کیا ہے۔
ایم ڈی پی سی بی نے کہا کہ پراعتماد ہیں کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی اپنی کارکردگی سے ہمیں اپنے اہداف حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔