ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر اور بورڈ حکام زمبابوے کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچوں میں سنیئرز کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ موقع دینے کے حق میں ہیں، انفرادی طور پر کوچز بھی یہ ہی رائے رکھتے ہیں کہ ہوم سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو آزمانا مفید ہوگا۔ یاد رہے کہ زمبابوے کی حکومت نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو مختصر دورانئے کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دے دی ہے جو رواں سال اکتوبر اور نومبر میں کھیلی جائے گی۔
واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے دوران تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، پہلا میچ 30 اکتوبر، دوسرا یکم اور تیسرا میچ تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی جسکا پہلا میچ 7 نومبر، دوسرا میچ 8 نومبر اور سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کی تیاریوں کیلئے پہلے ہی 25 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹریننگ اسکواڈ کا اعلان کر چکا ہے۔
دورہ پاکستان کے لیے زمبابوے کرکٹ کی تصدیق کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مہمان ٹیم کے خلاف سیریز کے وینیوز اور شیڈول کا باقاعدہ اعلان کردیا.ون ڈے سیریز اکتوبر کے آخر میں ملتان اور ٹی ٹوئنٹی سیریز نومبر میں راولپنڈی میں کھیلی جائے گی، میچز شائقین کے بغیر ہوں گے۔