پاکستان کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے جہاں بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کی قیادت کا اہل قرار دیا ہے۔ وہیں سابق پاکستانی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ بابراعظم کو پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر پچھتانا پڑے گا۔
مصباح الحق نے کہا ہے کہ 'انہیں بابر اعظم کے ٹیلنٹ اور قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے اور وہ انٹر نیشنل کرکٹ میں کھلاڑیوں کی بہترانداز میں رہنمائی کریں گے۔ کپتانی نے انہیں ایک ذمہ دار بلے باز بنا دیا ہے۔'
انہوں نے بابر اعظم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ '25سالہ بلے باز نے انٹر نیشنل کرکٹ میں امیدوں پر پورا اتر کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کپتانی کے بھرپور اہل ہیں۔'
مصباح الحق کے مطابق 'گزشتہ برس بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کرنا ایک تجربہ تھا جو کامیاب رہا۔'
پاکستان کے سابق بیٹنگ کوچ اور ماضی کے زمبابوین بلے باز گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ 'بابراعظم کو پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر پچھتانا پڑے گا کیونکہ پاکستان میں بے پناہ سیاست اور شائقین کے شدید ردعمل کے باعث کپتان دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے۔'
گرانٹ فلاور نے کہا کہ بابراعظم کرکٹ کے اعتبار سے بہترین ذہن کے مالک ہیں لیکن انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ میں بہت زیادہ سیاست ہے اور ٹیم کی ناکامی کی صورت میں شائقین کا شدید ردعمل سامنے آتا ہے لہٰذا ان کی بیٹنگ کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'وہ ماضی میں کئی بڑے کھلاڑیوں کو قیادت کرتے دیکھ چکے ہیں جن کو اضافی ذمہ داری سنبھالتے ہی پریشر محسوس ہونے لگا البتہ ان میں سے کچھ کھلاڑی پہلے سے زیادہ بہتر ہو جاتے ہیں اور بابراعظم بھی بہتر ہو گئے تو دنیا ان کے قدموں میں ہوگی تاہم وقت ہی اس کا فیصلہ کرے گا۔