پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی سربراہی میں پاکستان ٹیم رواں برس اگست ماہ میں انگلینڈ کا دورہ کر سکتی ہے جہاں وہ تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچ کھیلے گیں۔ وقار یونس ٹیم میں بالنگ کوچ ہیں اور مشتاق احمد اسپن کوچ کی حیثیت سے انگلینڈ کے خلاف ٹیم میں شامل ہوں گے۔
اس بابت یونس خان نے کہا ہے کہ میرے لیے قومی ٹیم کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔ انگلینڈ کے مشکل دورے پر ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملنا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بلندیوں کو چھونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یونس خان نے کہا کہ وہ مصباح الحق، وقار یونس، مشتاق احمد کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی میدان کے اندر اور باہر ہر انداز میں بہترین تربیت کرنے کی کوشش کریں گے۔
یونس خان نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے تجربے اور علم کو دوسروں تک پہنچانے میں کوئی عار محسوس نہیں کی لیکن دورہ انگلینڈ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا جہاں وہ بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے، گیند بازوں کی قابلیت کو جانچنے اور ان کی ذہنی پختگی پر خصوصی توجہ دے سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں تکنیک کے ساتھ ساتھ تحمل مزاجی اور نظم وضبط درکار ہوتے ہیں اور اگر آپ ان تین شعبوں میں قابل ہوجائیں تو آپ انگلینڈ ہی نہیں دنیا کے کسی بھی میدان میں مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔
یونس خان نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان کرکٹ ٹیم اگر مؤثر ٹریننگ کرے گی تو بلاشبہ دورہ انگلینڈ میں نتائج بھی بہتر ہوں گے۔
واضح رہے کہ یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 10،000 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف بھی ان کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف 16 اننگز میں انہوں نے 50 سے زیادہ کی اوسط سے 810 رنز بنائے ہیں جس میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔پی سی بی نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ انگلینڈ کے دورے کے لئے اضافی کھلاڑی بھی بھیجے گا۔