انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا بحران اور سیزن پر مرتب ہونے والے اس کے اثرات کے سبب انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کھلاڑیوں کی تنخواہ میں تخفیف کرسکتا ہے۔
انگلینڈ میں کورونا وائرس کی وجہ سے 28 مئی تک تمام کرکٹ سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہے اور ایسے میں بورڈ کو اس کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ روٹ کو لگتا ہے کہ کورونا کی وجہ سے سرگرمیاں ٹھپ ہونے سے مرکزی معاہدے میں شامل کھلاڑیوں کی تنخواہ میں کمی کی جا سکتی ہے۔
روٹ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے آنے والے ہفتے میں اس پر بحث کی جائے گی لیکن یہ بات چیت ای سی بی اور پی سی اے کے درمیان ہوگی۔اگرچہ جب تک اس پر کوئی بات نہیں ہوتی میں اس پر توجہ نہیں دے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ صرف خود کو فٹ رکھنے پر مرکوز ہے اور ہم جلد ہی کرکٹ کے میدان پر واپس لوٹنا چاہتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی زد میں ہے اور ہزاروں لوگوں کی اس سے موت ہو چکی ہے۔ کورونا کی وجہ سے مختلف کھیل متاثر ہوئے ہیں۔