کرکٹ آئکن سچن تیندولکر نے کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ مقابلوں کو بغیر ناظرین کے منعقد کرائے جانے کے مشوروں کے درمیان کہا کہ 'بغیر ناظرین کے کھیلنا بڑا عجیب لگے گا کیونکہ کھلاڑیوں کو ناظرین کی موجودگی سے توانائی ملتی ہے۔'
سچن نے کہا کہ بغیر ناظرین کے کھیلنا عجیب لگے گا کیونکہ شائقین کی موجودگي سے توانائی ملتی ہے۔ بھارت میں اگر آپ کسی اہم مقابلے کو جیتنا چاہتے ہیں تو آپ چاہوگے کہ لوگ حوصلہ افزائی کے لئے میدان میں موجود ہوں تاکہ ایک ماحول بن سکے۔
انہوں نے کہا کہ ناظرین کے بغیر کھیلنا بالکل بھی اچھا نہیں لگے گا اور پتہ نہیں کھلاڑی کیسا ردعمل دیں گے کیونکہ یہ بڑی عجیب پوزیشن ہوگی ۔
سابق بھارتی کرکٹ کھلاڑی نے کہا کہ کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ راجر فیڈرر اور رافیل نڈال کے درمیان ومبلڈن میں مقابلہ چل رہا ہو اور کوئی پرستار نہ ہو؟ بغیر ناظرین کے مقابلہ دیکھنا بھی بڑا عجیب لگے گا اور صرف کرکٹ ہی نہیں ہر کھیل کو توانائی کے لئے شائقین کی ضرورت رہتی ہے۔
سچن سے پہلے کئی دوسرے کھلاڑی بھی بغیر ناظرین کے مقابلے منعقد کرانے کے بارے میں اپنی رائے دے چکے ہیں اور زیادہ تر کھلاڑیوں کا خیال ہے کہ مقابلے شائقین کے ساتھ ہی ہونے چاہئے کیونکہ ناظرین کے میدان میں ہونے سے اور اچھی کارکردگی کرنے کی تحریک ملتی ہے۔