بھارتی کرکٹ ٹیم کے سلامی بلے باز روہت شرما نے آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر سے انسٹاگرام لائیو چیٹ میں کہا کہ اگر حالات سازگار ہوئے تو چار ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی -20 میچوں والے آسٹریلیا دورے سے کرکٹ کو دوبارہ شروع کرنا شاندار رہے گا۔
روہت نے کہاکہ اصل میں ہم اس سال ہونے والے دورے کو لے کر کافی پر جوش تھے۔ مجھے امید ہے کہ آسٹریلیا اور ہندستانی بورڈ سیریز کو منعقد کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
روہت نے سال 2018-19 میں ہندستان کے گزشتہ آسٹریلیا دورے کو بھی یاد کیا۔ اس دورے پر ہندستانی ٹیم نے آسٹریلیا کی سرزمین پر پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ ہندستان نے وہ سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔