آف اسپنر روی چندرن اشون اور تیز گیند باز امیش یادو شاندار گیند بازی کی بدولت بھارت نے مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو سستے میں آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی برتری دلائی ہے۔
بھارت نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلی اننگز میں 275 رنز پر سمیٹ کر 326 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کا اختتام ہوتے ہی تیسرے روز کا کھیل بھی ختم ہو گیا، اب یہ چوتھے دن کی صبح معلوم ہوگا کہ بھارتی ٹیم جنوبی افریقہ سے فالو آن کرواتی ہے یا نہیں۔
تیسرے روز کا کھیل شروع ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے ٹاپ آرڈر نے مایوس کیا جبکہ اس کے نچلے آرڈر کے بلے بازوں نے مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔
ٹاپ آرڈر کے ناکام ہونے کے بعد دسویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے کیشو مہاراج نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی اور 132 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 72 رنز جبکہ آل راؤنڈر ورنون فلنڈر نے 192 گیندوں کی میراتھن اننگز میں 6 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 44 رنز بنائے۔
کیشو مہاراج اور فلینڈر نے نویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی پارٹنرشپ کر کے ٹیم کا اسکور 250 کے پار پہنچایا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 72، کپتان فاف ڈوپلیسس نے 64 اور ورنون فلنڈر نے 44 رنز بنائے اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر اسکور نہیں بنا سکا۔
بھارت کی جانب سے روی چندرن اشون نے ایک مرتبی پھر بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرت ہوئے چار بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ امیش یادو نے تین، محمد سمیع نے دو اور رویندر جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کیے۔