کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے آئی سی سی نے زمبابوے کی رکنیت رد کر دی ہے جس کی وجہ سے اس دورہ بھارت کھٹائی میں پڑ گیا تھا جبکہ اب زمبابوے کی جگہ سری لنکا ٹیم بھارت کے دورے پر آئے گی۔
بھارت اور سری لنکا کے مابین تین ٹی 20 میچ کی سیریز کھیلی جائے گی۔
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم جنوری 2020 میں بھارت کے دودرہ پر آئے گی۔
بھارت دورے کی بات کی سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے، سری لنکا ٹیم 5 جنوری کو گوہاٹی 7جنوری کو اندور اور 10جنوری کو پونے میں ٹی 20میچ کھیلے گی۔
زمبابوے کو آئی سی سی کی جانب معطل کئے جانے کے بعد بی سی سی آئی نے سری لنکا کو تین میچوں کی سیریز کے لئے مدعو کیا تھا۔
ایس ایل سی نے اس سیریز میں اپنی شراکت کی تصدیق کردی، آئی سی سی نے رواں برس جولائی میں کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت کی بنا پر زمبابوے کرکٹ بورڈ کو معطل کردیا تھا، اس معطلی کے باوجود زمبابوے نے حال ہی میں بنگلہ دیش میں سہ رخی ٹی 20سیریز کھیلی اور افغانستان کے خلاف ایک میچ میں جیت بھی درج کی تھی۔