آ ئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا ئی کرکٹر اسٹیون اسمتھ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی سے ٹسٹ کرکٹ میں نمبرون پوزیشن چھین لی۔
بھارتی کپتان وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں اپنی مایوس کن کارکردگی سے آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازی رینکنگ میں اپنا نمبر ایک کا تاج گنوا دیا ۔ آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیون اسمتھ پھر سے اول نمبر پر آگئے ہیں۔
وراٹ کی حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بلے بازی میں خراب کارکردگی رہی۔
انہوں نے ویلنگٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں دو اور دوسری اننگز میں 19 رن بنائے تھے جس کے خمیازہ کے طورپر انہیں اپنی نمبر ایک رینکنگ گنوانی پڑی۔
وراٹ کو ا س کارکردگی سے 22 ریٹنگ پوائنٹس کا نقصان ہوا اور وہ 928پوائنٹس سے 906پوائنٹ پر پھسل گئے۔ اسمتھ کے 911پوائنٹس ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ میں نمبر ایک رینکنگ حاصل کرلی ہے۔
حالانکہ وراٹ اور اسمتھ کے مابین صرف پانچ پوائنٹس کا فاصلہ ہے اور وراٹ کے پاس دوسرے ٹیسٹ میں بہترکارکردگی کرکے نمبر ایک کا مقام حاصل کرنے کا موقع رہے گا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو ہندستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 89رن کی اننگز کھیلنے کا فائدہ ملا اور انہوں نے ایک مقام کی چھلانگ لگاکر آسٹریلیا کے مارنس لابوشین کو پیچھے چھوڑ کر تیسرا مقام ملا۔ولیمسن کے 853اور لابوشین کے 827پوائنٹس ہیں۔
ہندستانی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے نے ایک مقام کی بہتری کی ہے اور وہ اس فہرست میں 760پوائنٹس کے ساتھ نویں سے آٹھویں اور سلامی بلے باز مینک اگروال 727پوائنٹس کی اپنی بہترین ریٹنگ کے ساتھ 12 ویں سے دسویں مقام پر آگئے ہیں۔ مینک کی یہ بہترین رینکنگ ہے۔
رہانے نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 46اور 29رن بنائے تھے جبکہ مینک نے 34 اور 58رن بنائے تھے۔
چتیشور پجارا کو انکی خراب فارم کا نقصان ہوا اور وہ ساتویں سے دو مقام پھسل کر 757پوائنٹس کے ساتھ نویں مقام پر آگئے ہے۔
رشبھ پنت کا 29واں مقام برقرار ہے جبکہ ہنوما وہاری 11 مقامات کی گراوٹ کے ساتھ 52ویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔
ویلنگٹن میں اپنا 100واں بین الاقوامی ٹیسٹ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے تجربہ کار روس ٹیلر ہندستان کے روہت شرما کے ساتھ مشترکہ طورپر 13ویں نمبر پر ہیں۔