سابق بھارتی بلے باز وی وی ایس لکشمن نے انکشاف کیا ہے کہ جب ٹیم انڈیا نے گذشتہ ماہ برسبین کے گابا گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف جیت حاصل کرکے سیریز پر قبضہ کیا تھا تو وہ اس وقت بہت جذباتی ہو گئے اور ان کے آنکھوں میں آنسو تھے۔
بھارتی ٹیم نے حال ہی میں آسٹریلیا کو چار میچوں کی ٹسٹ سیریز میں دو۔ایک سے شکست دے کر بارڈر۔ گواسکر ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے۔ ٹیم انڈیا نے پہلی مرتبہ گابا میدان میں کوئی ٹسٹ میں جیت حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا کو 32 برسوں میں گابا میں کسی ٹیم کے خلاف ٹسٹ مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لکشمن نے اسپورٹس ٹوڈے سے کہا ، "جب رشبھ پنت نے میچ جیتنے والا چوکا لگایا تو میں کافی جذباتی ہوگیا۔ میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ چوتھے ٹیسٹ کے آخری دن میچ دیکھ رہا تھا۔ جب پنت اور واشنگٹن سندر بلے بازی کر رہے تھے تو میں پریشان تھا کیونکہ جب آپ خود نہیں کھیل رہے ہوتے ہیں تو آپ خود کو قابو نہیں کرسکتے ہیں۔