سابق سلامی بلے باز اور ویرو کے نام سے مشہور وریندر سہواگ اپنے مزاحیہ انداز کے لیے جانے جاتے ہیں جبکہ وہ سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم اور اپنے ٹویٹز کے ذریعے موضوع بحث رہتے ہیں۔
وریندر سہواگ نے اب اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے سب کو چوںکا دیا ہے، انہوں نے اپنے ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایسا ٹویٹ کیا کہ یہ سمجھ پانا مشکل ہے کہ انہوں نے مذاق کیا ہے یا ٹویٹ کے ذریعے اپنے دل کی بات کا اظہار کیا ہے۔
دراصل سہواگ نے اپنے ٹویٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا سلیکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے لکھا کہ 'مجھے سلیکٹر بننا ہے، کون مجھے موقع دے گا؟'۔
واضح رہے کہ وریندر سہواگ نے 20 اکتوبر سنہ 2015 میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کمنٹری بھی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
سہواگ کا شمار بھارتی کرکٹ کے بہترین سلامی اور جارح بلے بازوں میں ہوتا ہے، سہواگ نے سنہ 1999 میں اپنے کرکٹ کریئر کا آغاز کیا تھا، دیڑھ دہائی پر محیط اپنے کرکٹ کریئر میں انہوں نے 104 ٹیسٹ اور 251 یک روزہ میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے بالترتیب 8586 رنز اور 8273 رنز بنائے ہیں۔
سہواگ یک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے دوسرے بلے باز ہیں، انہوں نے دسمبر 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 149 گیندوں میں 219 رنز بنائے تھے۔