منموہن سود نے اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ سروسیز کے خلاف سنہ 1957 میں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں کھیلا تھا جبکہ ان کا آخری رنجی میچ جموں و کشمیر کے خلاف سنہ 1964 میں سری نگر میں تھا۔
انہوں نے اپنا واحد ٹیسٹ رچی بینو کی کپتانی والی آسٹریلوی ٹیم کے خلاف چنئی میں سنہ 1960 میں کھیلا تھا۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر سی کے کھنہ، سابق بھارتی کپتان اور لیفٹ آرم اسپنر بشن سنگھ بیدی، سابق بلے باز چندو بورڈے سمیت کئی کرکٹرز نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
سود نے اپنے کیریئر میں ایک ٹیسٹ اور 39 فرسٹ کلاس میچ کھیلے تھے۔ وہ دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) میں مقبول ایڈمنسٹریٹر بھی رہے۔
کھنہ نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اور بھارت کی کرکٹ کو ان کی کمی کافی محسوس ہو گی۔ سابق تیز گیند باز اتل واسن اور سابق آل راؤنڈر منوج پربھاکر نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ سود سنہ 1985-86 میں سلیکشن کمیٹی کا حصہ بھی رہے۔