فخر زمان کو گزشتہ کچھ روز سے بخار کی شکایت ہے اور ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ روانہ ہونے تک ان کا بخار اور صحت ٹھیک نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر فخر زمان قومی ٹیم کے ساتھ 23 نومبر کی صبح نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔
بورڈ نے کہا کہ فخر زمان فی الحال ہوٹل میں آئیسولیشن میں ہی ہیں اور ان کی کورونا وائرس کی جانچ رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل ٹیم ڈاکٹر اور پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ '21 نومبر کو ٹیم کے دیگر اراکین کے ہمراہ فخر زمان کے کورنا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی تھی تاہم 22 نومبر کو ان میں تیز بخار کی علامت ظاہر ہوئیں۔
ڈاکٹر سلیم سہیل نے کہا کہ 'فخر زمان میں بخار کی علامت ظاہر ہوتے ہی انہیں فوری طور پر دیگر اسکواڈ سے الگ تھلگ کردیا گیا تھا۔ فخرزمان سے مسلسل رابطے میں ہیں لیکن ہم ٹیم میں شامل دیگر اراکین کی صحت اور حفاظت کے تعلق سے کسی بھی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ وہ ٹیم کے ساتھ سفر کرنے کے لیے فٹ نہیں ہیں اس لیے انہیں ٹیم سے الگ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر تین ٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کی شروعات 18 دسمبر سے ہوگی جبکہ 10 دسمبر سے نیوزی لینڈ اے ٹیم کے خلاف پریکٹس میچ بھی کھیلے جائیں گے۔