انگلینڈ نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا، پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چار وکٹ کے نقصان پر 195 رن بنائے۔
فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگ کا آغاز کیا ۔ ابتدائی چھ اوورز میں پاکستان کی ایک بھی وکٹ نہیں ہوئی، سلامی بلے بازوں نے 72 رنز کی پارٹنر شپ کی ۔عادل رشید کو چھکا لگانے کے بعد دوبارہ اسی کوشش میں فخر 36 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم چوکے کے ساتھ نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آوٹ ہوئے۔
محمد حفیظ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار اننگ کھیلی۔ حفیظ کے چھکے کے ساتھ ہی پاکستان کے 150رن مکمل ہوئے۔
شعیب ملک اور حفیظ نے بھی نصف سنچری کی شراکت کی۔ شعیب صرف 14رن ہی بنا پائے۔ انہیں کرس جورڈن نے پویلین کی راہ دکھائی۔
محمد حفیظ نے 36 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے اور اننگز کے اختتام سے ایک گیند قبل پویلین لوٹ گئے۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔
سیریز کا پہلا ٹی20 میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔