پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم محض 212 رنز ہی بنا سکی تھی جسے انگلینڈ نے 101 گیندیں باقی رہتے ہوئے 2 وکٹ کھو کر بآسانی حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور جانی بیرسٹو نے پہلی وکٹ کے لیے 95 رنوں کی پارٹنرشپ کی تھی، بیرسٹو نے 46 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے اور شینن گیبرئیل کی گیند پر بریتھویٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔
بیرسٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ نے حیرت انگیز طور پر تیز گیند باز کرس ووکس کو تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے میدان پر اتارا، اور ووکس نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے 54 گیندوں مین 40 رنز بنا کر شینن گیبرئیل کا شکار ہوئے۔
دوسری جانب سے جو روٹ نے اپنی جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور 93 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔
روٹ نے 94 گیندوں میں 100 رنز جبکہ بین اسٹوکس نے 10 رنز بنائے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بلے بازی کی دعوت دی تھی جسے اس کے گیندبازوں نے درست ثابت قرار دیتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے نکولس پورن نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے، جبکہ شیمرون ہیٹمائر نے 39، کرس گیل نے 36 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھا اسکور نہیں بنا سکا۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ جو روٹ نے دو، کرس ووکس اور لیام پلنکٹ نے ایک ایک بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔