پاکستان نے 50 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 267 رن بنائے جبکہ بھارتی ٹیم آٹھ وکٹ پر 264 رن ہی بنا سکی۔بھارت کو آخری تین اوور میں 20 رن کی ضرورت تھی اور اس کے چار وکٹ باقی تھے لیکن ٹیم اس ہدف کا حاصل نہیں کرسکی اور فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔
پاکستان کا ہفتہ کےروز فائنل میں بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے مقابلہ ہوگا۔ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارت نے اچھی شروعات کی۔ کپتان بی آر شرت (47) اور آرین جيال (17) نے پہلے وکٹ کے لئے 43 رن جوڑے۔ شرت ٹیم کے 96 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 43 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
سنوير سنگھ (76) اور ارمان جعفر (46) نے تیسرے وکٹ کے لئے 81 رن کی شاندار شراکت کر کے ٹیم انڈیا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ سنوير 31 ویں اوور میں رن آوٹ ہوئے جس کے بعد بھارتی ٹیم دباؤ میں آگئی ۔سنوير نے 90 گیندوں کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
بھارت نے 211 کے اسکور پر یش راٹھوڈ (13) اور جعفر کے وکٹ گنوا دیئے۔ جعفر نے 53 گیندوں پر 46 رنز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ایس شرما (12) رنز بنا کر 244 کے اسکور پر رن آوٹ ہوئے۔ ریتک کا وکٹ 250 اور شوم ماوي کا وکٹ 260 کے اسکور پر گرا۔ ماوي آخری اوور کی دوسری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بھرتی ٹیم ہدف تک نہیں پہنچ سکی۔
چنمے سوتار نے ناٹ آؤٹ 28 رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سےمحمد حسنین نے 61 رن پر دو وکٹ اور سیف بدر نے 57 رن پر دو وکٹ لئے۔احمد بٹ اور عمر خان کو ایک ایک وکٹ ملا۔ بھارت کے دو کھلاڑی رن آوٹ ہوئے۔
اس سے پہلے پاکستان کی اننگز میں سلامی بلے باز عمر یوسف نے 97 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 66 رن بنائے۔ حیدر علی نے 60 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رن، کپتان روہیل ناظر نے 41 گیندوں میں 35 رن، سیف بدر نے 48 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 47 رن اور عمران رفیق نے 30 گیندوں میں 28 رن بنائے۔
پاکستان نے 90 رنز کی اوپننگ شراکت کے دم پر 50 اوور میں سات وکٹ پر 267 رن کا مشکل اسکور بنا یا۔بھارت کی جانب سے شوم ماوي نے 53 رن پر دو وکٹ، سوربھ دوبے نے 60 رن پر دو وکٹ اور ریتک شوقین نے 59 رن پر دو وکٹ لئے۔
پاکستان کی ٹیم گروپ اے میں تینوں میچ جیت کر چوٹی پر رہی تھی اور اس نے اپنی مضبوط مہم برقرار رکھتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ بھارتی ٹیم اپنے گروپ بی میں دوسرے مقام پر رہی تھی اور گروپ بی میں اسے بنگلہ دیش کے ہاتھوں چھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔