پاکستان اور سر ی لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے مطابق یہ پاکستانی کرکٹ کیلئے ایک شاندار خبر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی کھیلوں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ طویل فارمیٹ کی سیریز کیلئے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ سیریز ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی سے متعلق پی سی بی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے انہیں نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
ذاکرخان نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے بعد اب معیاری انتظامات کی تیاری عررج پر ہے اور آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس سیریز کو یادگار بنانے کیلئے کرکٹرز، آفیشلز، میڈیا اور عوام کیلئے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا جہاں شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
واضح رہے کہ 2009 میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کی سرزمین پرٹسٹ میچ کھیلنے کے لیے پہنچی ہے۔