بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے نے کہا ہے کہ ٹیم انڈیا ویلنگٹن میں ملی 10 وکٹ کی شرمناک شکست کو پیچھے چھوڑ کر ہفتہ سے کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جیت کے ارادے سے میدان میں اترے گی تاکہ وہ سیریز میں برابری حاصل کر سکے۔
بھارتی ٹیم پہلے ٹیسٹ میں چاروں خانے چت رہی تھی اور اسے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسری بار دس وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیوزی لینڈ نے اس سے پہلے 1989/90 میں کرائسٹ چرچ میں اور 2002/03 میں ویلنگٹن میں ہندستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس میچ میں بھارت کی بلے بازی اور گیند بازی دونوں فلاپ رہی تھی۔رہانے نے دوسرے ٹیسٹ سے قبل جمعرات کو پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے پہلے میچ کی اپنی غلطیوں کو دور کرنے پر کام کیا ہے اور وہ مثبت سوچ کے ساتھ دوسرے ٹیسٹ میں اترے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے سب سے زیادہ ضروری ہے کہ ہم یہاں کی کنڈیشنز کے مطابق خود کو جلد سے جلد ڈھال لیں۔ هیگلے اوول کی پچ میں ویلنگٹن کے مقابلے زیادہ تیزی رہے گی اور اس کا ہندوستانی گیند بازوں کو فائدہ مل سکتا ہے۔
نائب کپتان نے کہاکہ نیوزی لینڈ میں بلے بازی اور گیند بازی ایک یونٹ کے طور پر ہمیں حالات سے عادی ہونا ہوگا ۔ یہاں کی پچیں بھارت ، جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا کی پچوں سے بالکل مختلف ہیں۔
بھارت اے ٹیم یہاں کھیل چکی ہے۔ ہنوما وہاری نے ہمیں بتایا ہے کہ اس وکٹ پر کافی تیزی اور اچھال ہے۔ ہمیں پہلے دن سے ہی خود کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا ہو گا اور حالات کے حساب سے کھیلنا ہو گا ۔ اس سے بھی زیادہ ضروری چیز یہ ہے کہ ہمیں گزشتہ ٹیسٹ کے بارے میں نہ سوچتے ہوئے خود پر اعتماد قائم رکھیں اور ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں اپنے اکاؤنٹ میں 60 پوائنٹس کا اضافہ کریں ۔
بھارتی ٹیم پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 165 اور 191 رن پر لڑھک گئی تھی جس کے بعد بھارتی بلے بازوں کی مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے کی صلاحیت پر سوال اٹھائے جا رہے تھے۔
رہانے نے ویلنگٹن میں مایوس کرنے والے تیز گیند بازوں جسپريت بمراه اور محمد سمیع کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ پہلے ٹیسٹ میں بمراه اور سمیع دونوں نے ہی ایک ایک وکٹ لئے۔
وہ مسلسل بولنگ کر رہے ہیں۔ ابھی ایک میچ ہوا ہے۔ ایشانت شرما نے بھی اچھی بولنگ کی۔ ہمیں پوری امید ہے کہ اگلے میچ میں سمیع-بمراه اپنی فارم حاصل کرلیں گے۔
اگر ہم اگلے میچ میں بلے بازی سے آغاز کرتے ہیں تو پہلے ہی دن کے کھیل سے ہمیں اچھا مظاہرہ کرنا پڑے گا تاکہ ہمارے گیند بازوں کے پاس دباؤ بنانے کے لئے بورڈ پر اچھا ا سکور رہے۔ بمراه اور سمیع دونوں ہی عالمی معیار کے فاسٹ بولر ہیں۔