بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے کھلاڑیوں سمیت تمام متعلقین کو اشارہ دیا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) منسوخ نہیں ہوا ہے اور اس کے 13 ویں ایڈیشن کے انعقاد کی امید ہے۔
گنگولی نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود اس معطل مقابلہ کے انعقاد کے لئے تمام اختیارات پر غور کیا جارہا ہے۔
گنگولی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ کے اجلاس کے بعد ریاستی ایسو سی ایشنز کو یہ خط ارسال کیا ہے جس میں یہ تجویز ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر آئی پی ایل کے انعقاد کے لئے پرامید ہیں۔
بھارت میں کوویڈ 19 وبائی بیماری کے سبب اب تک 8000 سے زیادہ افراد فوت ہوچکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔
سورو گنگولی نے لکھا کہ بی سی سی آئی اس سال آئی پی ایل ایونٹ کے لئے ہر ممکن طریقے پر کام کر رہی ہے جس میں خالی اسٹیڈیموں میں کھیلنا بھی شامل ہے اور اگر ہمیں بند دروازوں (خالی اسٹیڈیم) کے اندر بھی آئی پی ایل کرانا ہے تو ہم اس کا اہتمام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شائقین ، فرنچائزز ، کھلاڑی ، براڈکاسٹر ، اسپانسر اور تمام متعلقین رواں سال آئی پی ایل کے انعقاد کے امکان کے خواہاں ہیں۔
سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ حال ہی میں بھارت اور آئی پی ایل میں حصہ لینے والے دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں نے اس سال کے آئی پی ایل کا حصہ بننے کی بے تابی کا مظاہرہ کیا۔
ہم آئی پی ایل ایونٹ کے بارے میں پرامید ہیں اور بی سی سی آئی جلد ہی فیصلہ لے گی۔
یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اگر ٹی 20 ورلڈ کپ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق آسٹریلیا میں نہیں ہوتا ہے تو اس وقت آئی پی ایل کا انعقاد ہوسکتا ہے۔ آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے مستقبل سے متعلق فیصلے کو آئندہ ماہ تک ملتوی کردیا ہے۔