دولت مشترکہ کھیل فیڈریشن نے خواتین کرکٹ کو اس میگا ایونٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس پر آخری فیصلہ 71 رکنی کمیٹی میٹنگ میں ووٹنگ کے ذریعے ہوگا۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر دولت مشترکہ کھیلوں میں خواتین ٹی-20 کرکٹ کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو منو ساہنی نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ خواتین کرکٹ کو سنہ 2022 میں برمنگھم میں ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور میں دولت مشترکہ کھیل فیڈریشن کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کرکٹ کو فروغ دینے میں مصروف ہیں اور برمنگھم میں ہونے والے آئندہ دولت مشترکہ کھیل خاتون کرکٹ کو فروغ دینے کا بڑا موقع ہے اور یہ تمام نوجوان خاتون کھلاڑیوں کو اس ٹورنامنٹ کا حصہ بننے کے لیے حوصلہ افزائی کرے گا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ایگزیکٹیو چیئرمین ٹام ہیریسن نے کہا کہ خواتین کرکٹ کو دولت مشترکہ کھیلوں میں شامل کرنے کی تجویز کو منظوری ملنا ایک تاریخی لمحہ ہے۔
واضح رہے کہ دولت مشترکہ کھیل فیڈریشن کے اراکین اگر اس تجویز کو پاس کر دیتے ہیں تو یہ دوسرا موقع ہوگا جب کرکٹ کو دولت مشترکہ کھیلوں میں شامل کیا جائے گا، اس سے پہلے سنہ 1998 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں مرد ٹیم نے حصہ لیا تھا جس میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔