آسٹریلوی کرکٹرز ایسوسی ایشن (اے سي اے) کے سرکاری انسٹاگرام کے سوال جواب کے سیشن کے دوران کمنز سے جب پوچھا گیا کہ انہیں کیریئر میں کس بلے باز کے سامنے بولنگ کرنے میں دقت ہوئی تو انہوں نے پجارا کا نام لے کر کہا کہ 2018-19 ٹیسٹ سیریز کے دوران وہ بھارت کے لئے دیوار بن کر کھڑے تھے اور ان کے سامنے بولنگ کرنے میں انہیں پریشانی ہوئی تھی۔
بھارت نے یہ سیریز 2-1 سے جیتی تھی اور پہلی بار آسٹریلیا کی زمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا کارنامہ کیا تھا، وراٹ کوہلی آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والے پہلے بھارتی کپتان بنے تھے۔
بھارت کی اس تاریخی فتح میں پجارا کی شاندار کارکردگی کا اہم کردار رہا تھا۔
پجارا نے آسٹریلیا کے خلاف اس سیریز کی سات اننگز میں 74.42 کی اوسط سے 521 رنز بنائے تھے جس میں تین سنچریاں بھی شامل ہیں سیریز میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 193 رنز تھا۔
26 برس کے کمنز نے کہاکہ ایسے تو بہت بلے باز ہیں جن کے سامنے بولنگ کرنے میں انہیں پریشانی ہوئی لیکن بھارت کے خلاف سیریز کے دوران پجارا ٹیم کے لئے دیوار بن کر کھڑے تھے اور انہیں آؤٹ کرنا بڑا چیلنج بن گیا تھا، وہ ابھی تک ٹیسٹ کرکٹ میں میرے لئے پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔