آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا جسے انگلیند کے گیند بازوں نے غلط ثابت کردیا اور پوری ٹیم کو 284 رنز پر سمیٹ دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ نے اننگ کی شروعات کی لیکن اسٹورٹ براڈ نے دونوں سلامی بلے بازوں کو سستے میں آؤٹ کر دیا، وارنر نے 2 رنز جبکہ بین کرافٹ نے 8 رنز بنائے۔
اس کے بعد عثمان خواجہ بھی 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ٹراویس ہیڈ نے اننگ کو سنبھالا اور 64 رنز کی شراکت داری کی، ہیڈ 35 رنز بنا کر کرس ووکس کا شکار بنے، جس کے بعد آسٹریلیائی بلے بازی تاش کت پتوں کی طرح بکھر گئی۔
میتھو ویڈ ایک رن، کپتان ٹم پین 5 رنز اور جیمس پیٹنسن بنا کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے اور ٹیم کا اسکور 8 وکٹ کے نقصان پر 122 رنز ہو گیا ایک وقت ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ آسٹریلیا 150 رنز بھی نہیں بنا پائے گی لیکن اسٹیو اسمتھ نے اکیلے مزاحمت کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ 9 ویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے پیٹر سیڈل نے ان کا بخوبی ساتھ دیا اور 85 گیندوں میں 44 رنز بنائے۔
اسٹیو اسمتھ نے تنہا جدوجہد کی اور 219 گیندوں 144 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن ٹیم کو باعزت اسکور تک پنہچایا۔
انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے 5 جبکہ کرس ووک نے 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے علاوہ بین اسٹوکس اور معین علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔