ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ کرس گیل کو ٹی ٹونٹی کرکٹ کا سچن تندولکر کہا جاتا ہے، جس طرح سچن تندولکر نے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں رنز بنائے ہیں۔ اسی طرح ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کرس گیل کا چہرہ ہے۔
کرس گیل جنھیں یونیورس باس کہا جاتا ہے، نے ٹی 20 کرکٹ میں 14 ہزار رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ جس میں بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی لیگ بھی شامل ہے، اس میں کرس گیل نے 14 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔
کرس گیل نے یہ کارنامہ 431 ویں ٹی ٹونٹی میچ کی 423 ویں اننگز میں حاصل کیا۔ وہ ایسا کرنے والے دنیا کے واحد بلے باز ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے افراد کی فہرست میں کرس گیل کے بعد ان ہی کے ہم وطن کیرون پولارڈ کا نام ہے لیکن وہ ان سے بہت پیچھے ہیں۔
41 سالہ کرس گیل نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی پانچ میچوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے تیسرے میچ میں 14000 ہزار رنز بنانے کا کارنامہ حاصل کرلیا۔ جیسے ہی کرس گیل نے آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف 29 واں رنز بنایا تو ویسے ہی وہ ٹی 20 کرکٹ میں 14 ہزاری بن گئے ۔
اس میچ میں کرس گیل نے 38 گیندوں پر 4 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 67 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آج ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے والے بھارتی کھلاڑیوں سے بات جیت کرینگے
تیسرے ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے جس سے ٹیم نے میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ 1995 کے بعد پہلی دفعہ کیریبیئن ٹیم نے کسی بھی فارمیٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتی ہے۔
ٹی 20 کرکٹ میں اب سب سے زیادہ رن 14038 رنز کے ساتھ کرس گیل پہلے نمبر پر ہیں جب کہ کیرون پولارڈ 10836 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے بلے باز شعیب ملک 10741 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی ڈیوڈ وارنر 10017 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جن کے ٹی 20 کرکٹ میں 10 ہزار سے زیادہ رنز ہیں۔