شیر بنگلہ اسٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے 132 رنز کے ہدف کا آسانی کے ساتھ دفاع کرلیا۔
بنگلہ دیش نے پہلے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے کر میزبان ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ اگلا میچ اسی اسٹیڈیم پر بدھ کو کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں اس کے لیے بہتر ثابت ہوا اور مہمان ٹیم نے میزبان ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں صرف 131 رنز تک ہی محدود رکھا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن 36 اور محمد نعیم 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ مچل اسٹارک نے 2 اور ایڈم زیمپا اور اینڈریو ٹائے نے ایک ایک وکٹ لی۔
132 کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز کافی زیادہ خراب رہا کیونکہ سلامی بلے باز الیکس کیری (0) اننگز کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے فورا بعد جوش فلپ (9) اور موئسز ہینریکس (1) بھی آؤٹ ہوگئے جس کے بعد تیسرے اوور میں ہی آسٹریلیا محض 11 رنز پر تین وکٹ کھو دیے تھے۔
کپتان میتھیو ویڈ (13) نے کریز پر جدوجہد کی لیکن 10 ویں اوور میں آوٹ ہوگئے اور آسٹریلیا 49/4 پر رہ گیا ، ہدف سے 83 رنز دور دوسرے سرے پر وکٹیں گرتی رہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے صرف مچل مارش نے 45 رنز کی اننگز کے ساتھ بنگلہ دیشی بولرز کا مقابلہ کیا، تاہم ان کی اننگز کے تمام ہوتے ہی میزبان ٹیم کی جیت کے امکانات روشن ہوگئے۔
بنگلہ دیشی بولرز نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو آخری اوور کی آخری گیند پر آل آؤٹ کرکے میچ 23 رنز سے جیت لیا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے نسوم احمد نے 4، شرف الاسلام اور مستفیض الرحمٰن نے دو دو جبکہ شکیب الحسن اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
نسوم احمد کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔