دوحہ: آج یعنی 20 مارچ کو دوحہ میں لیجنڈز لیگ کرکٹ کا فائنل میچ ایشیا لائنز اور ورلڈ جائنٹس کے درمیان کھیلا گیا۔ فائنل میچ میں شاہد آفریدی کی قیادت میں ایشیا لائنز نے ورلڈ جائنٹس کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دیدی۔ ورلڈ جائنٹس ٹیم پورے میچ میں کمزور نظر آئی۔ نہ وہ بیٹنگ میں اپنی چھاپ چھوڑ سکی اور نہ ہی بولنگ میں کچھ خاص کرسکی ہے۔ اسی وجہ سے ایشیاء لائنز نے ورلڈ جائنٹس کو فائنل میں سات وکٹوں سے شکست دے کر لیجنڈ کرکٹ لیگ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ ایشیا لائنز نے اپنے دوسرے سیزن میں ہی اپنا پہلا ایل ایل سی ٹائٹل جیتا۔ اب صرف انڈیا مہاراجہ ہی واحد ٹیم رہ گئی ہے، جو لیجنڈز لیگ کرکٹ ماسٹرز کی شاندار ٹرافی نہیں اٹھا سکی ہے۔
ورلڈ جائنٹس کے کپتان شین واٹسن نے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ورلڈ جائنٹس نے ایل ایل سی 2023 کے فائنل میچ میں بہت مایوس کن بلے بازی کی۔ وہ مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 147 رنز بنا سکی۔ جیک کیلس (78*) اور راس ٹیلر (32) کے علاوہ، ورلڈ جائنٹس کے لیے سبی بلے باز مکمل طور پر فلاپ رہے۔ دوسری جانب ایشیا لائنز کی جانب سے عبدالرزاق سب سے کامیاب بولر رہے۔ جنہوں نے چار اوورز میں 3.50 کی اکانومی کے ساتھ بولنگ کی اور صرف 14 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ تھیسارا پریرا کو بھی بریک تھرو ملا۔
شاہد آفریدی کی کپتانی میں ایشیا لائنز نے 148 رنز کا ہدف 7 وکٹوں اور 23 گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔ ان کے دونوں اوپنرز اپل تھرنگا اور تلکارتنے دلشان نے رن کے تعاقب میں اہم کردار ادا کیا۔ جہاں تھرنگا نے 203 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ تو وہیں دلشان نے بھی 8 چوکے لگا کر 58 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں: