انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2024 سے 2031 کے سائیکل میں منعقد ہونے والے مرد کرکٹ، ٹورنامنٹس کے لیے میزبان کی تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے جس کے فوراً بعد ہی 17 ممالک نے آئی سی سی کے ان بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
امریکہ سمیت ان 17 ممالک میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، پاکستان، آئرلینڈ، ملیشیاء، نامیبیا، نیوزی لینڈ، عمان، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، متحدہ عر ب امارات اور زمبابوے شامل ہیں۔
ان تمام ممالک نے میزبانی کے لیے آئی سی سی کو ابتدائی تکنیکی تجویز پیش کی ہے۔ 2024-2031 تک آٹھ ون ڈے اور ٹی 20 ٹورنامنٹس کا انعقاد ہونا ہے جن میں دو ورلڈ کپ، چار ٹی 20 ورلڈ کپ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شامل ہے۔
ممکنہ میزبان کے طور پر ایک ابتدائی تکنیکی تجویز پیش کرنے کے لیے آئی سی سی اراکین کو مدعو کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل، آئی سی سی خواتین اور انڈر 19 ٹورنامنٹس کی میزبانی نئے سائیکل میں ایک الگ طریقہ سے کی جائے گی جو اس سال کے آخر میں شروع ہوگا۔
آئی سی سی نے اگلے سائیکل میں اپنے ٹورنامنٹس کی توسیع کے بعد وائٹ بال ٹورنامنٹ کے لیے خاص طور پر میزبانوں کی شناخت کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔
آئی سی سی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو جیوف الارڈائس نے ایک بیان میں کہا کہ 'ہم 2023 کے بعد آئی سی سی وائٹ بال ٹورنامنٹس کی میزبانی کے لیے اپنے اراکین کے ردعمل سے خوش ہیں۔
ایلارڈس نے کہا کہ 'یہ عمل ہمیں میزبانی کی اپنی حد کی توسیع کرنے اور پوری دنیا میں کرکٹ میں دلچسپی میں اضافہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا اور کرکٹ طویل مدتی وراثت بناتے ہوئے زیادہ شائقین تک پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: محمد اظہر الدین ایچ سی اے صدر کے عہدے پر بحال
ایلارڈس نے مزید کہا کہ 'پوری دنیا میں کرکٹ کے ایک ارب سے زیادہ شائقین ہیں اور آئی سی سی کا میزبان ممالک کے لیے اہم اقتصادی اور سماجی فائدہ لانے کا ایک ٹریک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ انعقاد میزبانوں کو اقتصادی اور سماجی ترقی عوامی پالیسی کے اہداف کی حمایت کرتے ہوئے کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے مقامی برادریوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ایک شاندار موقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'اب ہم اس عمل کے دوسرے مرحلہ کی طرف گامزن ہوں گے جہاں آئی سی سی بورڈ اس سال کے آخر میں ہمارے مستقبل کے میزبانوں کے بارے میں فیصلہ کرنے سے پہلے رکن کو مزید تفصیلی تجویز فراہم کرے گی۔