دبئی: فضل الحق فاروقی (3 وکٹ) کی شاندار بولنگ کے بعد رحمان اللہ گرباز (40) اور حضرت اللہ زازئی (37) کی طوفانی اننگز کی بدولت افغانستان نے ایشیا کپ 2022 کے افتتاحی میچ میں ہفتہ کے روز سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغانستان نے سری لنکا کی ٹیم کو پہلے 105 رنز پر آل آؤٹ کیا اور پھر 106 رنز کا ہدف 10.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔ Afghanistan Beat Sri Lanka in Asia Cup 2022
میچ کے پہلے ہی اوور سے افغانستان سری لنکا پر حاوی رہا۔ فاروقی نے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر کوشل مینڈس کو دو رنز پر پویلین لوٹا دیا جبکہ اگلی ہی گیند پر چرت اسلنکا صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ نوین الحق نے دوسرے اوور میں پتھم نسنکا کو گرباز کے ہاتھوں کیچ کرایا اور سری لنکا نے صرف پانچ رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ دانوشکا گنتھالیکا اور بھانوکا راجا پکسے نے 44 رنز کی شراکت سے اننگز کو دوبارہ پٹری پر لانے کی کوشش کی لیکن گنتھالیکا (17) کے 49 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے راجا پکسے نے سب سے زیادہ 38 (29) رنز بنائے جبکہ چمیکا کرونارتنے نے بھی 31 رنز بنائے۔ فاروقی نے اپنی مہلک گیند بازی سے 3.4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور ایک میڈن اوور بھی کرایا۔ مجیب اور محمد نبی نے دو دو جبکہ نوین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ راشد خان کو کوئی وکٹ نہیں ملی، حالانکہ انہوں نے کفایتی بولنگ کی، چار اوورز میں صرف 12 رنز دیے۔
یہ بھی پڑھیں: Asia Cup 2022 اہم گیندبازوں کے بغیر بھارت اور پاکستان مقابلے کے لئے تیار
بہترین گیندبازی کے لیے فضل الحق فاروقی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ افغانستان کا اگلا میچ اب 30 اگست کو بنگلہ دیش سے ہوگا۔
یو این آئی