ممبئی کی ایک عدالت پیر کو کامیڈین بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گی۔ اس سے قبل دونوں کو این سی بی نے گرفتار کیا تھا۔
گزشتہ روز عدالت نے بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش لمباچیا کو 4 دسمبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔
جوڑے نے عدالتی تحویل میں بھیجے جانے کے بعد ایڈوکیٹ ایاز خان کے ذریعے درخواست ضمانت دائر کر دی۔
واضح رہے کہ این سی بی نے ہفتہ کے روز بھارتی سنگھ اور اس کے شوہر کو نواحی شہر اندھیری میں ان کے گھر سے گانجہ (بھانگ) ضبط کرنے کے بعد اتوار کی صبح گرفتار کیا تھا۔ جوڑے کو اتوار کی سہ پہر ممبئی کی مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا۔
این سی بی نے پوچھ گچھ کے لیے لمباچیا کی تحویل طلب کی ہے لیکن بھارتی سنگھ کو تحویل میں نہیں لیا اور عدالت کو بتایا کہ انہیں عدالتی تحویل میں بھیجا جا سکتا ہے۔
ایاز خان نے استدلال کیا کہ تفتیش کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیوںکہ برآمد شدہ منشیات کی مقدار بہت کم ہے جیسا کہ نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبجینٹس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت تجویز کیا گیا ہے۔
مجسٹریٹ نے دلائل کو قبول کیا اور کہا کہ حراست میں تفتیش کی ضرورت نہیں ہے اور یہ کہ ملزموں سے ہفتے کے روز کافی وقت کے لئے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
سنگھ اور لمباچیا پر این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 20 (بی) (II) (اے) (منشیات کی تھوڑی مقدار شامل ہے) اور 8 (سی) (منشیات کا قبضہ) اور 27 (منشیات کی کھپت) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ان کی ضمانت کی درخواستوں میں بھارتی سنگھ اور لمباچیا نے یہ دعوی کرتے ہوئے رہا کرنے کی درخواست کی ہے کہ چونکہ ان کا کوئی سابق مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے لہذا ان کے مفرور ہونے کا کوئی سوال نہیں ہے۔
واضح رہے کہ این سی بی نے ہفتے کے روز بھارتی سنگھ کے پروڈکشن آفس اور گھر پر چھاپہ مارا اور دونوں جگہوں سے 86.5 گرام گانجہ برآمد کیا۔
اس سے قبل این سی بی نے بالی ووڈ اداکار ارجن رامپال کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ اس دوران لیپ ٹاپ، موبائل فون سمیت دیگر الیکٹرانک گیجٹ برآمد ہوئے اور ارجن کے ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ بالی ووڈ پروڈیوسر فیروز نڈیاڈ والا کی اہلیہ کو بھی این سی بی نے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
اداکار سُشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو ممبئی کے باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ سُشانت سنگھ کے پرستاروں میں کافی ناراضگی اور افسردگی پائی گئی تھی جس کے بعد سی بی آئی نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا اور سُشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کے واٹس ایپ چیٹ کا انکشاف ہوا اور اس معاملے نے منشیات کی جانب رخ موڑ لیا۔
بعد ازاں این سی بی نے بھی منشیات کی تحقیقات شروع کی اور ایک کے بعد ایک کئی بالی ووڈ اسٹارز کے نام سامنے آئے جبکہ ریا چکرورتی کو گرفتاری بھی کیا گیا تھا۔ تاہم فی الحال وہ ضمانت پر باہر ہیں۔