ڈراؤنی فلم 'بھوت پولیس' کے میکرس، ڈل ہاؤس میں فلم کی شوٹنگ شروع کر چکے ہیں۔ اداکار ارجن اور کرینہ کپور نے فلم کا پہلا پوسٹر بھی شیئرکیا ہے۔
اداکار ارجن کپور نے انسٹاگرام پر شوٹنگ کے سیٹ سے فلم سے متعلق ایک تصویر شیئر کی ہے۔
وہیں کرینہ کپور خان نے بھی فلم کے پوسٹر کو شیئر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلم کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔
پون کرپلانی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کے مرکزی کردار میں سیف علی خان، ارجن کپور، یامی گوتم، جاوید جعفری اور جیکلین فرنانڈیز ہیں۔
اس فلم کے پروڈیوسر رمیش تورانی اور اکشے پوری ہیں۔ واضح رہے کہ ہدایتکار پون کرپلانی نے اس سے قبل 'فوبیا' اور 'راگنی ایم ایم ایس' جیسی فلموں کی ہدایتکاری کی ہے۔
وہیں اگر بات کریں ان اداکاروں کے آئندہ پروجیکٹ کے بارے میں تو جیکلین فرنانڈیز فلم 'اٹیک' اور 'کک 2' میں نظر آنے والی ہیں۔ وہیں اداکارہ یامی گوتم ابھی حال ہی میں فلم 'گنی ویڈس سنی' میں نظر آئی تھیں۔
فلم 'بھوت پولیس' کے علاوہ سیف علی خان فلم 'آدی پروشوم' میں بھی نظر آئیں گے۔ وہیں اداکار ارجن کپور فلم 'سندیپ اور پنکی فرار' میں نظر آنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ ارجن کپور 'کراس بارڈر لو اسٹوری' میں دکھائی دیں گے۔