بالی ووڈ سے لیکر ساؤتھ سنیما تک متعدد اداکار کورونا کا سامنا کرنے والوں کی مدد کے لئے آگے آئے ہیں، اب اس سلسلے میں جنوبی ہند کے سپر اسٹار وجئے دیورکونڈا کا نام بھی شامل ہوگیا ہے، وجئے نے کورونا وائرس سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے ایک کروڑ تیس لاکھ روپئے کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے مزدوروں کو راشن سے لے کر اشیائے ضروریہ بھی دستیاب کرانے کا اعلان کیا ہے۔
ایک ٹویٹ کرتے ہوئے وجے نے اعلان کیا 'ہم میں سے کوئی بھی اس کے لئے تیار نہیں ہے، ہم اس سے بچیں گے اور اس سے باہر آئیں گے، اس بات نے مجھے بہت حیران کیا، لیکن اب میں یہاں اپنی بہترین ٹیم کے ساتھ ہوں جو لڑنے سے کبھی منع نہیں کرتی ہے، مجھے 1.30 کروڑ روپے کے فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، جس سے ہم بہت سے لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں'۔
وجئے نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے کورونا وائرس کی مار جھیل رہے غریب مزدوروں کے لئے اہم اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ کورونا وائرس کے بحران سے متاثرہ متوسط طبقے کے خاندانوں کو راحت پہنچانے کے لئے ایک وقف فنڈ قائم کیا ہے۔یہ فنڈ متاثر خاندانوں کو بنیادی ضروریات جیسے گروسری اور کھانے کا ضروری سامان مہیا کروانے میں مدد کرے گا۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم اس وقت فنڈ کے ذریعے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں امداد فراہم کر رہی ہے اور اس کے لئے انہوں نے الگ سے 25 لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔