بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان کا کہنا ہے کہ اب ان کے بیٹے ابراہیم علی خان بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق سیف نے کہا کہ 'ابراہیم اداکاری میں اپنا کیریئر بنانے کےلیے تیار معلوم ہوتے ہیں اور کیوں نہیں؟ میں اپنے سبھی بچوں کو اسی پیشے میں دیکھنا پسند کروں گا۔ یہاں پر کام کرنا سب سے اچھا ہے'۔
انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ 'مجھے یاد ہے کہ 17 سے 18 سال کی عمر میں، میں بہت نالائق تھا اور اداکاری نے مجھے خود کو برباد کرنے سے بچایا تھا۔ اس کام نے مجھے پہچان بنانے کی وجہ سے میرے دل کو تشفی اور سکون بخشا اور مجھے وہ سب کچھ دیا جس کا میں خواہشمند تھا'۔
حالانکہ سیف علی خان نے پہلے کسی انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ابراہیم اداکاری میں آنے سے پہلے اپنی تعلیم مکمل کریں۔ واضح رہے کہ سارہ علی خان نے بھی بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے پہلے اپنی یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کی تھی۔
حال ہی میں ابراہیم علی خان اپنی بہن سارہ علی خان کے ساتھ ایک میگزین کے پہلے صفحے پر اور ایک کپڑوں کے برانڈ کے لیے فوٹو شوٹ میں نظر آچکے ہیں۔ اس فوٹو شوٹ کو کافی پذیرائی ملی تھی۔
ابراہیم علی خان سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک نظر آتے ہیں اور ان کے فولورز کی تعداد بھی کسی سے کم نہیں ہے۔