تعزیت کا اظہار کرتے ہئوے لتا نے کہا کہ یہ دکھ سہنا میرے لئے بہت مشکل ہے۔رشی کپور کا جمعرات کی صبح ایچ این اسپتال میں انتقال ہوگیا۔وہ 67برس کے تھے اور کینسر میں مبتلا تھے۔
سانس لینے میں دقت ہونے پر انہیں بدھ کو اسپتال میں داخل کرایاگیا تھا۔لتا منگیشکر نے معروف اداکار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’کیا کہوں؟کیا لکھوں؟کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔ریشی جی کے انتقال سے مجھ بہت دکھ ہورہا ہے۔ان کے جانے سے فلم انڈسٹری کا بہت بڑا نقصان ہواہے۔یہ دکھ سہنا میرے لئے بہت مشکل ہے۔خدا ان کی روح کو سکون دے۔‘‘
بالی ووڈ میں رشی کپور کا نام ایک ایسے سدا بہار اداکار کے طور پر یاد کیا جائے گا جنہوں نے اپنے رومانوی اور پرجوش اداکاری سے تقریبا تین دہائی تک ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی۔
چار ستمبر 1952 کو ممبئی میں پیدا ہوئے رشی کپور کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ ان کے والد راج کپور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور ہدایت کار تھے۔ گھر میں فلمی ماحول رہنے کی وجہ سے رشی کپور کی دلچسپی فلموں کی طرف بڑھ گئی اور وہ بھی اداکار بننے کا خواب دیکھنے لگے۔
رشی کپور نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز اپنے والد کی ہدایت میں بننے والی فلم ’میرا نام جوکر‘ سے کیا۔ سال 1970 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں رشی کپور نے 14 سالہ لڑکے کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی ٹیچر سے محبت کرنے لگتا ہے۔ اپنے اس کردار کو انہوں نے بخوبی ادا کیا۔ فلم میں بہترین اداکاری کے لیے انہیں نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔