بالی ووڈ میں کرینہ کپور کو ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اداکاراؤں کو فلموں میں روایتی طور پر پیش کئے جانے کے طریقوں کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی بے باک اداکاری سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی۔ 21 ستمبر 1980 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی کرینہ کپور کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔
ان کے والد رندھیر کپور اداکار جبکہ ماں ببیتا اور بہن کرشمہ کپور معروف فلم اداکارہ تھیں۔ گھر میں فلمی ماحول رہنے کی وجہ سے کرینہ اکثر اپنی بہن کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتی تھیں۔ اس وجہ سے ان کا بھی رجحان فلموں کی جانب ہو گیا اور وہ بھی اداکارہ بننے کے خواب دیکھنے لگی۔
کرینہ کپور نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2000 میں آئی فلم رفیوجی سے کیا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو کا کردار ابھیشیک بچن نے ادا کیا تھا جو ان کی بھی پہلی فلم تھی۔ فلم کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔ لیکن سنہ 2001 میں آئی فلم مجھے کچھ کہنا ہے کرینہ کے کیریئر کی پہلی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔
سنہ 2001 میں کرینہ کو سبھاش گھئی کی فلم ’یادیں‘ میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن کمزور اسکرپٹ کی وجہ سے یہ فلم باکس آفس پر اوندھے منہ گری۔ اسی برس ان کی کبھی خوشی کبھی غم اور اجنبی جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی ریلیز ہوئیں لیکن کامیابی کا کریڈٹ انہیں کم فلم اداکاروں کو زیادہ دیا گیا۔
سال 2002 کرینہ کپور کے کیریئر کے لئے اہم سال ثابت ہوا۔ اس برس ان کی ’جینا صرف میرے لئے اور مجھ سے دوستی کرو گے‘ جیسی ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔سنہ 2003 میں کرینہ کو سورج بڑجاتیا کی فلم میں ’پریم دیوانی‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ہرتیک روشن اور ابھیشیک بچن جیسے ستارے ہونے کے باوجود یہ فلم کے باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔
سنہ 2004 میں کرینہ کی اداکاری کے نئے طول و عرض دیکھنے کو ملے۔ اس برس کرینہ کی یووا، چمیلی، ہلچل اور اعتراض جیسی سپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ سدھیر مشرا کی ہدایت کاری میں بنی فلم چمیلی میں کرینہ نے اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کا دل جیت لیا۔ فلم میں ان کی بااثر اداکاری کے لیے انہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔
سنہ 2006 میں کرینہ کپور کی سپر ہٹ فلم اومکارہ ریلیز ہوئی۔ وشال بھاردواج کی ہدایت کاری میں بنی فلم اومکارا میں کرینہ کو ان کی اثر انگیز اداکاری کے لیے فلم فیئر کا کریٹکس ایوارڈ ملا۔ اسی برس آئی فلم ڈان میں کرینہ کپور نے کیمیو کیا۔ اس فلم میں کرینہ نے ہیلن کے سپر ہٹ گانے ..یہ میرا دل یار کا دیوانہ ..پر رقص کرکے ناظرین کو مسحور کر دیا۔
سنہ 2007 میں آئی فلم ’جب وی میٹ‘ کرینہ کپور کے کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کے ہیرو شاہد کپور تھے۔ دونوں کی جوڑی کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔ اس فلم کے لیے کرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔
سال 2008 میں کرینہ کپور کی سپر ہٹ فلم ’گول مال رٹرنس‘ ریلیز ہوئی۔سنہ 2009 میں آئی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کرینہ کپور کے کیریئر کی سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کپور کے ہیرو عامر خان تھے۔ تھری ایڈیٹس بالی ووڈ کی تاریخ میں پہلی 200 کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی فلم ہے۔
سنہ 2010 میں ریلیز ہوئی روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بنی فلم گول مال ۔3 کیلئے کرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیاگیا۔ 2011 میں آئی فلم ’باڈی گارڈ‘ کرینہ کے کیریئر کی سب سے زیادہ کامیاب فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔کرینہ اور سلمان کی جوڑی کو باڈی گارڈ میں کافی پسند کیا گیا۔
- مزید پڑھیں:Mahesh Bhat: مہیش بھٹ 73 سال کے ہوگئے
سال 2011 میں کرینہ کپور کو شاہ رخ خان کے ساتھ ’را ۔ ون‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ انوبھو سنہا کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کپور پر فلمایا گانا چھمک چھلوبہت مقبول ہوا تھا۔ سنہ 2012 میں آئی فلم ہیروئن اگرچہ باکس آفس پر کامیاب نہیں ہو سکی لیکن ان کی اداکاری کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔
سال 2013 میں کرینہ کپور کی گوری تیرے پیار میں اور ستیہ گرہ جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن باکس آفس پر کمال نہیں دکھا سکیں ۔ سنہ 2014 میں کرینہ کی سنگھم رٹنرس ریلیز ہوئی ہے۔ اس فلم نے باکس آفس پر 140 کروڑ روپے کی کمائی کی ۔ کرینہ کی سپر ہٹ فلم بجرنگی بھائی جان نے باکس آفس پر 320 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ۔ اس کے علاوہ کرینہ نے فلم اڑتا پنجاب میں کام کیا ہے جس میں ان کے اداکاری کو ناظرین نے بہت پسند کیا گیا۔
کرینہ کپور ہندی سینما میں اپنی متنوع کردار نگاری کی وجہ سے شہرت رکھتی ہے۔ اس نے رومانوی، مزاحیہ اور جرائم ڈراما جیسی فلموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔ کرینہ کپور کو چھ فلم فئیر ایوراڈوں سمیت بے شمار اعزازات سے نوازا گیا اور وہ بالی ووڈ کی انتہائی مہنگی ترین اداکاراوں میں سے بھی ایک ہیں۔
یو این آئی