حالیہ دور میں شاہ رخ خان، عامر اور سلمان خان جیسے سپراسٹارس کی فلمیں بھی فلاپ رہی ہیں۔ اسی دوران کچھ کم بجٹ والی فلموں نے ناظرین اور فلم ناقدین کی تعریف بھی حاصل کی ہے جبکہ ان فلموں میں کوئی بڑا فنکار بھی مرکزی کردار میں نہیں تھا۔آیوشمان کھرانہ، وکی کوشل، راجکمار راؤ جیسے اداکاروں کی فلمیں اس کی بہترین مثال ہیں۔
عامر سے پوچھا گیا کہ جب آپ دوسرے ستاروں کو سال میں ایک سے زیادہ فلمیں کرتے دیکھتے ہیں تو کیا غیرمحفوظ محسوس کرتے ہیں۔ اس کے جواب میں عامر نے کہا 'کبھی نہیں، جب میں اپنے ساتھیوں کو اچھا کام کرتے دیکھتا ہوں تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ ايوشمان کھرانہ بہت عمدہ کام کر رہے ہیں اور میں ان کی فلمیں بطور شائقین دیکھنا چاہتا ہوں۔ ہم سب اپنے آپ میں منفرد ہیں۔ ایسے میں مجھے ان میں سے کسی سے بھی گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے'۔
عامر سے جب پوچھا گیا کہ کیا اب بڑے بجٹ اور بڑے ستاروں کے نام فلموں کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہے، اس کے جواب میں انہوں نے کہا 'ہم اپنا سوفیصد دیتے ہیں لیکن متعدد مرتبہ چیزیں کام نہیں کرتیں۔ کسی بھی فلم کی کامیابی اور ناکامیابی کا انحصار اس کے بجٹ پر نہیں ہوتا۔ آپ چاہے پانچ کروڑ کے بجٹ والی فلم بنائیں یا 100 کروڑ روپے والی، اس سے شائقین کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہیں فلم دیکھنی ہے نہ کہ بیلنس شیٹ چیک کرنی ہے۔ اگر انہیں فلم پسند آتی ہے تو وہ باکس آفس پر اچھی نمائش کرتی ہے چاہے چھوٹے بجٹ کی ہو یا بڑے بجٹ کی۔'
عامر ان دنوں فلم 'لال سنگھ چڈھا' میں کام کر رہے ہیں۔ یہ فلم آئندہ برس کرسمس کے موقع پر ریلیز ہوگی۔