آر ایس ایس کے خلاف تبصرہ کرنے پر ممبئی پولیس نے نغمہ نگار جاوید اختر کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ مقامی وکیل سنتوش دوبے کی شکایت پر یہ ایف آئی آر مُلنڈ پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔
عہدیدار کے مطابق ایف آئی آر انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 500 (ہتک عزت کی سزا) کے تحت درج کی گئی ہے۔
وکیل نے گزشتہ ماہ جاوید اختر کو مبینہ طور پر آر ایس ایس کے خلاف جھوٹے اور توہین آمیز بیانات دینے پر قانونی نوٹس بھیجا تھا۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں مبینہ طور پر ہندو انتہا پسندوں اور طالبان کا موازنہ کیا تھا۔ دوبے نے اپنے نوٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ اس طرح کے بیان سے جاوید اختر نے انڈین پینل کوڈ کی دفعات 499 (ہتک عزت) اور 500 (ہتک عزت کی سزا) کے تحت جرم کیا ہے۔
- یہ بھی پڑھیں: این سی بی نے آرین خان کو قلعہ عدالت میں پیش کیا
وکیل نے کہا 'میں نے پہلے جاوید اختر کو ایک قانونی نوٹس بھیجا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ اپنے بیان پر معافی مانگیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ اب میری شکایت کی بنیاد پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔