فلم ہدایتکار فرح خان نے اعلان کیا ہے کہ ان کی بیٹی عنایہ نے اپنے خاکوں کی نیلامی کرتے ہوئے کویڈ-19 ریلیف کے لئے ایک لاکھ روپے جمع کیے ہیں۔
فرح خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا، اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا 'عنایہ نے ایک لاکھ روپیہ اکٹھا کیا ہے، اس نے ہر دن، اسکول سے پہلے اور بعد میں، چھٹیوں میں خاکہ کشی کی ہے تاکہ خاکوں کی نیلامی کر کے وہ چندہ اکٹھا کر سکیں'۔
فرح خان نے لکھا 'جن لوگوں نے چندہ دیا، سب کا شکریہ، اب یہ سارا پیسہ غریب اور ضرورت مندوں کو کھانا مہیا کرانے میں خرچ کیا جائے گا'۔
انہوں نے کہا 'خاکوں کے ذریعے یہ جو پیسہ اکٹھا کیا گیا ہے یہ ضرورت مندوں تک کھانا پہنچانے میں خرچ کیا جائے گا، اور گلیوں میں جو لاوارس کتے ہوتے ہیں، ان کو کھانا کھلانے میں خرچ کیا جائے گا'۔
ملک بھر میں کویڈ-19 کا قہر جاری ہے اور اس کے خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، جس کی وجہ سے غریب افراد در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
لوگوں کے پاس کھانا بنانے کے لیے راشن نہیں ہے، گیس سلینڈر خریدنے کے لیے پیسا نہیں ہے، ایسے میں حکومتیں اور غیر سرکاری تنظیمیں غریب اور ضرورت مندوں تک کھانا و خرچ تو پہنچا رہی ہیں لیکن وہ ناکافی ہے۔